جگتیال میں فلسطین پر اسرائیلی بمباری کے خلاف پُرامن احتجاج

تلنگانہ کے جگتیال شہر میں آج تحصیل چوراہا، جگتیال پر اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جاری غیر قانونی بمباری اور دہشت گردی کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
یہ احتجاج پھولے، امبیڈکر، اقلیت اور بائیں بازو جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی JAC کی جانب سے منظم کیا گیا، جس میں مختلف طبقات کے نمائندوں نے حصہ لیا اور اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔
احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب میر کاظم علی نے کہا کہ "اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کر رہا ہے، جس میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، اور اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری کو اس پر فوری مداخلت کرنی چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے تعبیر کرنا ظلم کی انتہا ہے، اور ہم ہر سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔
مظاہرہ پُرامن انداز میں مکمل ہوا، جس میں شریک مختلف سماجی، سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔