سعودی عرب میں فلکیاتی اعتبار سے موسم گرما کا آغاز – 93 دن جاری رہے گا

کے این واصف
جدہ میں فلکیاتی آرگنائزیشن کے صدر انجینئرماجد ابوزاھرہ نے کہا ہے کہ مملکت میں ہفتہ 21 جون سے موسم گرما کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکہ مکرمہ وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 5 بج کر 42 منٹ پر سورج سرطان کے مدار میں فلکیاتی اعتبار سے عمودی صورت میں ہوگا جو موسم گرما کے آغاز کی نشانی ہے۔
عربی روزنامہ عکاظ کے مطابق فلکیاتی اعتبار سے اس سال موسم گرما 93 دن 15 گھنٹے اور 37 سیکنڈ پر محیط ہو گا۔سورج انتہائی شمال مشرق سے طلوع ہوگا جبکہ غروب انتہائی شمال مغربی سمت میں ہوگا جبکہ سارا سال دوپہر میں چیزوں کا سایہ چھوٹا دکھائی دے گا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے موسم گرما یکم جون سے 31 اگست تک رہتا ہے جبکہ فلکیات میں موسم گرما اس وقت شروع ہوتا ہے جب سورج اپنی بلند ترین پوزیشن پر پہنچتا ہے۔ جس کے ساتھ تین ماہ پر محیط موسم گرما کا آغاز ہوتا ہے جو موسم خزاں کی آمد تک جاری رہتا ہے۔