سیمی کے سابق جنرل سکریٹری ثاقب ناچن کا انتقال

نئی دہلی: 28 جون ( اردولیکس ڈیسک) ممنوعہ دہشت گرد تنظیم "سیمی” (اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا) کے سابق جنرل سکریٹری ثاقب ناچن کا انتقال ہو گیا۔ وہ دہلی کے صفدرجنگ ہاسپٹل میں زیر علاج تھے جہاں دماغی شریان پھٹنے (برین ہیمرج) کے باعث ان کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ ثاقب ناچن کو 2023 میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے دہلی اور مہاراشٹرا میں مبینہ دہشت گرد سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد سے وہ تہاڑ جیل میں قید تھے۔ حال ہی میں ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔
ثاقب ناچن 1990 سے 2000 کے درمیان سیمی تنظیم میں سرگرم رہے۔ حکومت نے سیمی کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ممنوع قرار دیا تھا۔ ثاقب ناچن کا نام 2002-03 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں بھی سامنے آیا تھا
جن میں 13 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ ان مقدمات میں وہ تقریباً دس سال جیل میں قید رہے۔ بعد ازاں، رہا ہونے کے کچھ عرصے بعد 2023 میں ایک اور کیس میں دوبارہ این آئی اے نے انہیں گرفتار کیا تھا۔