ایجوکیشن

غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول میں جدید تعلیمی دور کا آغاز

غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول میں جدید تعلیمی دور کا آغاز

کنسرن انڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے انٹرایکٹو فلیٹ پینل (IFP) عطیہ، تعلیمی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا

 

حیدرآباد (اردو لیکس بیورو)تعلیم وہ طاقت ہے جو ایک نسل کو سنوار سکتی ہے، اور جب مخلص قیادت میسر آ جائے تو ایک معمولی اسکول بھی مثالی ادارہ بن جاتا ہے۔ ایسی ہی ایک مثال ہے گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر، جہاں حالیہ دنوں میں تعلیم کے میدان میں زبردست پیش رفت ہو رہی ہے۔

 

حالیہ پیش رفت کے طور پر کنسرن انڈیا فاؤنڈیشن نے اپنے CSR فنڈ کے تحت اسکول کو جدید انٹرایکٹو فلیٹ پینل (IFP) عطیہ کیا، جس کی مدد سے اب طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم کی سہولت حاصل ہوگی۔ یہ پینل اسکول میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے دروازے کھولنے والا ایک انقلابی قدم ہے۔

 

اس جدید سہولت کی افتتاحی تقریب بڑے جذبے اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کا افتتاح ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محترمہ شانتا بائی راتھوڑ صاحبہ نے اپنے دستِ مبارک سے انجام دیا۔ انہوں نے اسکول کے تعلیمی ماحول، اساتذہ کی خدمات، اور طلبہ کے نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے کہا:

"جماعت دہم زندگی کا اہم مرحلہ ہے۔ اگر طلبہ محنت کریں تو ان کے لیے کامیابی کے بے شمار دروازے کھل سکتے ہیں۔”

 

اس موقع پر صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت نے کنسرن انڈیا فاؤنڈیشن اور معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا:

"یہ جدید سہولت ہمارے طلبہ کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔”

 

واضح رہے کہ جناب شاہد علی حسرت صاحب کی خصوصی دلچسپی، انتھک محنت، اور تعلیمی ترقی کے جذبے کے نتیجے میں اسکول میں روز بہ روز نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ ان کی قیادت میں اسکول دن دگنی، رات چوگنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جس کے اثرات اسکول کے تعلیمی ماحول، طلبہ کی کارکردگی، اور والدین کے اعتماد میں واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

 

تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور پی ٹی ایم سی اراکین نے بھی بھرپور شرکت کی اور کنسرن انڈیا فاؤنڈیشن کے اس احسن اقدام پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔

کلاس دہم کے طلبہ نے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر سے براہِ راست بات چیت کی، جس نے ان کے حوصلے اور اعتماد میں بے پناہ اضافہ کیا۔

 

غوث نگر اسکول آج صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں، بلکہ ایک تحریک بن چکا ہے — ایک ایسی تحریک جو مخلص قیادت، اجتماعی کوشش، اور تعلیمی جذبے سے پروان چڑھ رہی ہے۔

 

تقریب کو مزید مؤثر اور یادگار بنانے میں اسکول کے مخلص و محنتی اساتذہ کا نمایاں کردار رہا، جنہوں نے دلجمعی سے اس پروگرام کو کامیاب بنایا۔

اس موقع پر جن اساتذہ نے شرکت کی اُن میں شامل تھے:

محمد رفیع، سید خالد، قدسیہ سلطانہ، فرحین خاتون، نسیم النساء، شگفتہ یاسمین، میمونہ بیگم، سمرین فاطمہ، عبدالفرید، سید سلیم الدین، عبدالحفیظ، تمہیم الدین، عرفانہ انجم، حمیرہ فاطمہ، نجمہ بیگم، عطیہ تلد، طبیہ اشیا، نازیہ تنویر، رقیہ بیگم، سوری ولیم، عبداللہ مظہر اور اعجاز الدین۔

 

ان تمام محترم اساتذہ کی شرکت اور عملی تعاون نے تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور یہ ثابت کیا کہ جب ایک ٹیم جذبے، اخلاص اور مقصد کے تحت متحد ہو جائے، تو تعلیمی انقلاب ممکن ہو جاتا ہے۔

 

عرفان انجم اور نسیم النسا شیخ نے پروگرام کی کاروائی چلائی اور محمد رفیع اور سید خالد نے اظہار تشکر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button