جنرل نیوز

جعلی سرکاری دستاویزات گھوٹالہ بے نقاب، باپ گرفتار، بیٹا مفرور: ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس

جعلی سرکاری دستاویزات گھوٹالہ بے نقاب، باپ گرفتار، بیٹا مفرور: ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس

 

عادل آباد۔5/جولائی(اردو لیکس)ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن آئی پی ایس نے ایک بڑی جعلسازی کو بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف سرکاری محکموں سے متعلق جعلی دستاویزات، اسٹامپس اور ڈاک ٹکٹ تیار کر کے عوام کو دھوکہ دینے والے گروہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

 

ہفتہ کے روز اے آر پولیس ہیڈکوارٹر کے کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شانتی نگر عادل آباد میں چھاپہ مار کر جعلسازی میں ملوث لاڈوے بدری ناتھ ولد گجانند کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا بیٹا، 34 سالہ راہول کمار فرار ہے۔

 

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ریونیو، پولیس، میونسپلٹی، رجسٹریشن، پنچایت راج اور میونسپل کونسل سے متعلق جعلی دستاویزات، سرکاری مہریں، کمپیوٹر، اسکینر، ہارڈ ڈسک، خالی ڈاک ٹکٹ، مہریں لگانے کا سامان اور دیگر اہم اشیاء ضبط کرلیں۔ایس پی نے انکشاف کیا کہ جعلسازی کے ذریعے بعض افراد نے سرکاری اسکیموں سے فائدے حاصل کیے اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے کی کوشش کی

 

۔ اس کے نتیجے میں اصل اور جعلی مالکان کے درمیان قانونی تنازعات پیدا ہوئے۔ایس پی اکھل مہاجن نے اعلان کیا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے فائدہ اٹھانے والوں کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں اور جعلی کاغذات تیار کرنے والوں، حتیٰ کہ ان کے خریداروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی

 

۔انہوں نے خبردار کیا کہ جعل سازوں اور ان سے فائدہ اٹھانے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور ہر زاویے سے تفتیش کر کے ملوث تمام افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔اس کامیاب کارروائی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر سی سی ایس انسپکٹر چندرشیکھر اور ون ٹاؤن انسپکٹر بی سنیل کمار کو خصوصی مبارکباد دی گئی۔

 

اس موقع پر ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار، سی سی ایس انسپکٹر چندرشیکھر اور دیگر پولیس عملہ موجود تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button