غیر قانونی اسقاطِ حمل، پولیس کا ہاسپٹل پر چھاپہ ڈاکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار۔ تلنگانہ کے بھونگیر میں واقعہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ بھونگیر کے گائتری ہاسپٹل پر پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا جہاں آدھی رات کو دو خواتین کا غیر قانونی اسقاطِ حمل کرتے ہوئے ڈاکٹر شیو کمار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر شیو کمار کو سال 2022 میں آلیر علاقے میں ایک کم عمر لڑکی کا غیر قانونی اسقاطِ حمل کرتے ہوئے بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ اُس وقت وہ سواتی ہاسپٹل کے نام سے طبی ادارہ چلا رہا تھا جسے طبی حکام نے فوری طور پر سیل کر دیا تھا۔
بعد ازاں ڈاکٹر شیو کمار نے ہاسپٹل کا نام تبدیل کر کے گائتری اسپتال کے نام سے دوبارہ سرگرمیاں شروع کر دیں اور غیر قانونی طریقوں سے اسقاطِ حمل کررہا تھا۔ایس او ٹی پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک بار پھر اس غیر قانونی نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا۔
گرفتار ڈاکٹر شیو کمار کو مزید قانونی کارروائی کے لیے بھونگیر ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے،جب کہ ہاسپٹل کی سرگرمیوں کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے میں دیگر افراد بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔