ایک سال میں 18.5 ملین عازمین حج اور عمرہ زائرین کی مملکت سعودی عرب میں آمد

کے این واصف
مملکت کے منصوبہ “سعودی وژن 2030” کے تحت اہم انیشیٹو “پیلگریم ایکسپیرینس پروگرام” نے 2024 کی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔ 2022 کے مقابلے میں مملکت میں عازمین حج اور عمرہ زائرین کی آمد میں 101 فیصد اضافہ دیکھنے میں آئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق رپورٹ میں عازمین حج، عمرہ زائرین کےلیے خدمات میں اضافے اور اس سے منسلک اداروں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 میں بیرون مملکت سے ایک کروڑ 85 لاکھ سے زیادہ (18.5ملین) عازمین حج اور عمرہ زائرین سعودی عرب آئے۔ ان میں عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 69 ہزار 20 ہزار(تقریبا 17 ملین) جبکہ 1.6 ملین عازمین حج ہیں ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 40 سے زیادہ سرکاری اداروں کے ساتھ 89 اقدامات پر عملدرآمد کیا گیا اور 95 فیصد شرح تعمیل حاصل کی گئی۔ان اقدامات میں زائرین کے سفر کے تمام مراحل جس میں ٹرانسپورٹیشن، مناسک ، تاریخی اور مذہبی مقامات کے وزٹ شامل ہیں۔ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے سعودی قیادت نے وژن 2030 کے اہم ہدف کے طور پر حج اور عمرہ زائرین کو خدمت کو ترجیح دی ہے۔
روضہ شریفہ میں 2024 کے دوران 13 ملین سے زیادہ زائرین کا خیرمقدم کیا گیا جو 2024 کے مقابلے میں 4 ملین سے زیادہ ہیں۔زائرین کے اطمینان کی شرح 57 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد ہوگئی جو بہتر خدمات کے معیار اور تجربے کو ظاہر کرتی ہے۔