تھلیسیمیا سے متاثر طلبہ کو مفت تعلیم کی فراہمی ، تھلیسیمیا سِکل سیل سوسائٹی نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی خدمات کا کیا اعتراف

حیدرآباد، 7 جولائی 2025۔تھلیسیمیا سِکل سیل سوسائٹی انڈیا (TSCS) کی جانب سے ایک پراثر پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیرمین محمد لطیف خان، ایم ڈی انور احمد اور ایم ڈی ڈاکٹر معظّم حسین کی تھلیسیمیا متاثرہ طلباء و طالبات کے لئے ان کی مثالی خدمات پر تہنیت پیش کی گئی۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی نے تھلیسیمیا سے متاثر بچوں کے والدین کو پیش آنیوالی معاشی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان بچوں کے لیے اپنے تعلیمی ادارے مکمل طور پر مفت داخلے کے لیے کھول دیے ہیں۔ ان طلباء کو ایم ایس کریئیٹو اسکول، ایم ایس جونیئر کالج اور ایم ایس ڈگری کالج میں بغیر کسی فیس کے داخلہ دیا جاتا ہے۔ اس اسکیم سے اب تک سیکڑوں بچے فائدہ اٹھا تے ہوئے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی طرف سے باقاعدگی سے بلڈ ڈونیشن کیمپس بھی منعقد کیے جاتے ہیں جن میں اسٹاف اور اساتذہ کو تھلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون عطیہ کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ ان فلاحی اقدامات کے اعتراف میں سوسائٹی نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹرز کو تہنیتی شال اور یادگاری مومنٹوز پیش کیے۔
اس پُروقار تقریب میں تھلیسیمیا اینڈ سِکل سیل سوسائٹی انڈیا کے صدر جناب چندرکانت اگروال، نائب صدر محترمہ رتناوالی کوٹا پلی، سیکریٹری و سی ای او ڈاکٹر سمن جین، جوائنٹ سیکریٹری جناب ایم اے علیم بیگ، ایگزیکیٹیو ممبر محمد امین اور معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ابو ایمل موجود تھے۔
تقریب کے موقع پر ایک خصوصی سند بھی پیش کی گئی جس پر درج تھا:تھلیسیمیا اور سِکل سیل سوسائٹی ، تھلیسیمیا سےمتاثرہ طلباء کی تعلیم و خودمختاری اورمسلسل حمایت کے لیے آپ کی فراخدلانہ خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
اس موقع پر تھلیسیمیا سے متاثرہ طلباء و طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے، جنہوں نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس نے ان بچوں کو عزت و وقار کے ساتھ تعلیم کا موقع فراہم کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔
۔