مائتری ہاسپٹل کے زیراہتمام کلیمنٹ گرامر اسکول و کالج میں سی پی آر تربیتی پروگرام

مائتری ہاسپٹل کے زیراہتمام کلیمنٹ گرامر اسکول و کالج میں سی پی آر تربیتی پروگرام
حیدرآباد(پریس نوٹ)مائتری ہاسپٹل مہدی پٹنم کے زیراہتمام کلیمنٹ گرامر اسکول اینڈ کالج، وجے نگر کالونی، حیدرآباد میں عوام اور طلبہ کے لیے ایک خصوصی سی پی آر (Cardiopulmonary Resuscitation) تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں عام شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریباً 100 شرکاء کو سی پی آر کی بنیادی تربیت دی گئی،
جس میں دل کا دورہ پڑنے یا سانس رکنے جیسی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے عملی طریقے سکھائے گئے۔ تربیت کا مقصد عوام میں ہنگامی طبی شعور بیدار کرنا اور جان بچانے والی ابتدائی طبی امداد کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدھوکر سوامی (DCP) نے پروگرام میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عملی تربیتی پروگرامس کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حاضرین کو تاکید کی کہ وہ سیکھے گئے طریقوں کو عملی زندگی میں بروئے کار لاتے ہوئے دوسروں کی جان بچانے کا عزم کریں۔
یہ تربیتی سیشن جنرل منیجر مائتری ہاسپٹل نذیر الدین احمد کی سرپرستی اور رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مائتری ہاسپٹل نہ صرف علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ عوامی خدمت اور بیداری مہمات میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
پروگرام کے آخر میں شرکاء نے مائتری ہاسپٹل اس قابلِ قدر کاوش کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسے تربیتی پروگرامس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے تاکہ ہر فرد ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے تیار ہو۔