جنرل نیوز

جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کا دوسرا یکروزہ تربیتی اجلاس علاقہ خاندیش کے دھولیہ میں منعقد

جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کا دوسرا یکروزہ تربیتی اجلاس علاقہ خاندیش کے دھولیہ میں منعقد

ممبئی 13؍جولائی جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ کی ہدایت پر ریاست گیر پیمانے پر پانچ تربیتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد جمعیۃ علماء کے ممبران و ارکان کو مقاصد جمعیۃ اور اس کے عملی طریقہ کار سے واقف کرانا ہے، پہلا اجلاس ممبئی اور اس کے مضافاتی اضلاع کے ارکان مجلس منتظمہ کا محمد حاجی صابو صدیق مسافر خانہ میں منعقد ہوا تھا جس میں تقریباً 500 ارکان نے شرکت کی تھی،

 

حسب پروگرام اس کا دوسرا اجلاس علاقہ خاندیش کے اضلاع (جلگائوں ،ناسک،،دھولیہ نندوربار،احمد نگر اور شہری جمعیۃ مالیگاؤں ) کا سٹی ہال ،۱۰۰؍فٹی روڈدھولیہ میں 13 جولائی کو انعقاد پذیر ہوا،یہ اجلاس صبح کے گیارہ بجے سے لیکردوپہر کےڈھائی بجے تک تسلسل کے ساتھ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائبین صدر مولانا محمد عارف عمری، مفتی محمد ہارون ندوی، ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی اور معاون خازن قاری محمد یونس چودھری کی تقریروں اور صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی کے مفصل اور جامع خطبہ صدارت پر مشتمل رہا، جس کے اخیر میں صدر محترم نے جمعیۃ علماء کی پالیسی کو ایک اعلامیہ میں شکل میں حاضرین کو سنایا، 350 سے زائد ارکان مجلس منتظمہ نے اس پروگرام میں شرکت کی،

 

اس اجلاس میں وقف ایکٹ 2025 پر اظہار ناراضگی اور وقف کے متعلق جمعیۃ علماء ھند کی کوششوں پر ایک تجویز مولاناشکیل احمدقاسمی (سکریٹری جمعیۃ علماء دھولیہ) نے پیش کی، ملک کے منظر نامے میں مساجد اور مدارس کو درپیش خطرات اور مسائل پر مولانا عبد القیوم صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع ناسک ) نے ایک تجویز پیش کی اور تیسری تجویز مہاراشٹر کی انتظامیہ بالخصوص شہر ممبئی کے محکمہ پولیس کی جانب سے مساجد پر لگائے گئے مائک (بھونگے) کو اتروانے کے متعلق مفتی سالک مسعود ملی صاحب (جمعیۃعلماء شہرمالیگائوں) نے پیش کی،اور الحاج مشتاق احمد صوفی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع دھولیہ )نے گائے ذبیحہ کے ساتھ ساتھ گئو ونش پر بھی پابندی عائد کرنے کے حکومت مہاراشٹر کے قانون کی مخالفت میں خاندیش کے قریشی برادران کی حمایت میں تجویز پیش کی۔ان تمام تجاویز سے حاضرین نے اتفاق کیا ۔

 

تربیتی اجلاس کے شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اس اجلاس کو وقت کی اہم ضرورت بتایا اور آگے کے اجلاس کو کامیاب بنانے کا وعدہ کیا، جن میں مولانا محمد مبین ملی( نائب صدر جمعیۃعلماء دھولیہ)،مفتی محمدشاہ رخ ( جمعیۃعلماء نندوربار)،مولانا اشفاق قاسمی (صدر جمعیۃعلماءضلع احمد نگر)،قاری خالد ملی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع ناسک) ،حافظ خالد صاحب (جمعیۃعلماء جلگائوں )کے نام شامل ہیں ۔اس اجلاس کا آغاز حافظمحمد سفیان سرای کی تلاوت کلام پاک اور حافظ محمد فیضان سراجی کی نعت شریف سے ہوا ،جبکہ نظامت حافظ محمد رضوان (دھولیہ)نے فرمائی اور صدارت کے فرائض حضرت مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی (صدرجمعیۃ علماء مہاراشٹر)نے انجام دئے ۔اخیر میں صدر اجلاس کی پرسوز دعا پر یہ اجلاس اختتام کو پہنچا۔تمام شرکاء کے ظہرانے کا نظم تھا، جس کو جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ نے بحسن و خوبی انجام دیا

Oplus_16908288

متعلقہ خبریں

Back to top button