کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کا اجلاس، اردو زبان، تعلیمی مسائل،آئندہ منصوبہ جات پرغور

کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کا اجلاس، اردو زبان، تعلیمی مسائل،آئندہ منصوبہ جات پرغور
حیدرآباد(پریس نوٹ) کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کا ایک اہم اجلاس نیو روزری ہائی اسکول، سالارجنگ کالونی، ٹولی چوکی، حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ صدارت صدر ایم ایس فاروق نے کی۔اجلاس میں فیڈریشن کے عہدیداران اور مختلف اسکولوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری خلیل الرحمن نے 28 جون 2025 کو منعقدہ ایس ایس سی میرٹ ایوارڈز تقریب کی مفصل رپورٹ پیش کی۔
اس تقریب میں فیڈریشن سے وابستہ اور سرکاری اسکولوں کے نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا تھا۔اجلاس میں اسکولوں میں اردو کو پہلی زبان کے طور پر اختیار نہ کرنے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں اردو اساتذہ کی کمی اور والدین کی عدم دلچسپی کو اہم مسائل قرار دیا گیا۔فیڈریشن نے تجویز پیش کی کہ اسکول انتظامیہ،والدین کو اردو بطور پہلی زبان منتخب کرنے کی ترغیب دے، اور ساتھ ہی ”اردو اساتذہ تربیتی پروگرام“ کے انعقاد کا بھی منصوبہ بنائے تاکہ اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے۔فیڈریشن نے فیصلہ کیا کہ 11 نومبر کو جو کہ یومِ تعلیم بھی ہے، تمام رکن اسکولوں میں یومِ اردو منایا جائے گا۔
اس موقع پر اردو زبان میں مضمون نویسی اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔اس موقع پر فیڈریشن کے عہدیداروں کی مدت میں توسیع کی گئی اور نئے اراکین کی شمولیت کی گئی۔ فیڈریشن نے متفقہ طور پر موجودہ صدر ایم ایس فاروق اور ان کی ٹیم کی مدت میں مزید دو سال کی توسیع کا فیصلہ کیا
۔ساتھ ہی خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے نسرین فاطمہ (نائب صدر)اور وسیم النساء(جوائنٹ سیکریٹری)کا تقررکیاگیا۔فیڈریشن کا آئندہ اجلاس 16اگست2025کومنعقدہوگا۔ 2025تا2027تک کیلئے منتخب عہدیدارووں کی فہرست حسب ذیل ہے۔ ایم ایس فاروق(صدر)،ڈاکٹر سید تقی الدین(نائب صدر)، نسرین فاطمہ(نائب صدر)، خلیل الرحمن( جنرل سکریٹری)، محمد وقار احمد(جوائنٹ سکریٹری)، وسیم النساء(جوائنٹ سکریٹری)اور احمد ادریس شریف(خزانچی)۔اس موقع پر ایم ایس فاروق، خلیل الرحمن، وسیم النساء، نسرین فاطمہ، بدر بن عبداللہ، محمد علی رفعت، محمد منظور احمد، احمد ادریس شریف، اکرامہ بن ناصر الیافعی، ایم اے محسن اورڈاکٹر اشہام ارقم موجودتھے۔