ایجوکیشن

تلنگانہ یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن 16 جولائی کو مقرر ، وائس چانسلر یاد گیری راؤ۔ —ریاستی گورنر جشنو دیو ورما تقسیم اسناد انجام دیں گے

تلنگانہ یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن 16 جولائی کو مقرر ، وائس چانسلر یاد گیری راؤ۔ —ریاستی گورنر جشنو دیو ورما تقسیم اسناد انجام دیں گے

 

نظام آباد- 15 /جولائی (اردو لیکس)تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد کا دوسرا کانووکیشن 16 جولائی کو شاندار پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ٹی یادگیری راؤ نے اس تقریب کو کامیاب بنانے کی غرض سے تمام طلباء و طالبات، اساتذہ کرام، ریسرچ اسکالرس اور صحافی برادری سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

 

آج یونیورسٹی کے کامرس سیمینار ہال میں منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ٹی یادگیری راؤ، رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری اور کنٹرولر آف اگزامینیشن پروفیسر کے سمپت کمار نے تفصیلات سے واقف کروایا۔

 

وائس چانسلر نے کہا کہ تلنگانہ یونیورسٹی کا قیام 2006ء میں صرف 6 شعبہ جات کے ساتھ عمل میں آیا تھا، اور آج یہ ادارہ تعلیمی ترقی کے سفر میں 24 شعبہ جات کے تحت 31 کورسس تک وسعت اختیار کرچکا ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی سے اس وقت ضلع بھر کے 109 کالج الحاق شدہ ہیں، جن میں بھکنور پی جی سنٹر اور سارنگ پور کالج آف ایجوکیشن بھی شامل ہیں۔پروفیسر یاد گیری راؤ نے مزید بتایا کہ گزشتہ 2014 سے 2023 کے درمیان تلنگانہ یونیورسٹی سے مختلف کورسس میں 15,557 طلباء نے پوسٹ گریجویشن،۔ 60,660 نے انڈر گریجویشن، اور 10,079 نے بیچلر آف ایجوکیشن کی تعلیم مکمل کی ہے۔

 

اس کانوکیشن کے موقع پر گزشتہ 2014ء سے 2023ء کے درمیان مختلف کورسس کی تکمیل کرنے والے طلباء و طالبات کو عطیہ دہندگان کے تعاون سے 16 شعبہ جات کے 130 طلباء وطالبات جنھوں نے امتیازی نشانات سے نمایاں کامیابی حاصل کی انھیں گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔

 

پروفیسر یادگیری راؤ نے بتایا کہ 30 جون 2025 تک جن 156 اسکالرس نے اپنی تحقیقی کام مکمل کیا ہے، انہیں پی ایچ ڈی کی اسناد ریاست تلنگانہ کے معزز گورنر جناب جشنو دیو ورما کے ہاتھوں عطا کیے جائیں گے۔کانووکیشن کے دوران آئی آئی سی ٹی کے سابق ڈائریکٹر اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر سری ہری چندرشیکھر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سےشرکت کرتے ہوئے خطاب کریں گے۔

 

وائس چانسلر پروفیسر یاد گیری راؤ نے اس موقع پر یونیورسٹی کی ترقی، تحقیق کے معیار اور طلباء کی تعلیمی کامیابیوں کو ادارہ جاتی عزم و یکجہتی کا مظہر قرار دیا۔ اس پریس کانفرنس کے موقع پر مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز وہ ڈین فیکلٹیز پروفیسر ودیا وردہنی، پروفیسر لاونیا، پروفیسر گھنٹہ چندرشیکھر ، پروفیسر انجنیلو پروفیسر رام بابو ، پروفیسر اپرنا، پروفیسر ارتی، پروفیسر روندر ریڈی، ڈاکٹر مامیڈالہ پروین پرنسپل یونیورسٹی کالج ، ڈاکٹر محمد عبدالقوی ودیگر موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button