زائرین توجہ فرمائیں – سعودی وزارت حج نے عمرہ زائرین کے لیے رہنما اصول جاری کئے

کے این واصف
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرینِ حرمین کی سہولت کے لیے رہنما اصول جاری کیے ہیں تاکہ وہ زائرین کی کثیر تعداد مین بھی آرام سے عمرہ ادا کر سکیں۔وزارت کا کہنا ہے کہ زائرین مسجد الحرام میں آتے وقت اپنی ضروری اشیا رکھنے کے لیے اسمارٹ بیگ کا انتخاب کریں تاکہ غیرضروری مشقت نہ اٹھانی پڑے۔
سبق نیوز کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کو کہا گیا کہ مسجد الحرام میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے آپ کا پرسکون ہونا انتہائی اہم ہے۔اپنے ہمراہ غیرضروری اشیا رکھنے سے آپ کی توجہ ان کی جانب مائل رہتی ہے۔ عبادت مین منہمک رہنے کی بجائے آپ کی توجہ بٹ جانے کا خدشہ رہتاہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ زائرین کی سیفٹی پہلے ہے، ایک چھوٹا سا پرس نما بیگ اپنے ساتھ رکھیں جس میں شناختی دستاویز، موبائل کے ساتھ ماسک، سیٹائزنگ ٹشو پیک موجود ہو، اس سے زیادہ چیزین ساتھ نہ رکھیں۔بیگ سائز بڑا ہونے کی صورت میں زائرین کو اسے سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے جس سے انہیں دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں لاکرز موجود ہیں جہاں زائرین مسجد الحرام میں داخل ہونے سے قبل اپنا اضافی سامان بحفاظت وہاں رکھوا سکتے ہیں تاہم بہتر ہوگا کہ وہ اپنا سامان کمرے میں رکھیں تاکہ یکسو ہو کر عبادت کر سکیں۔