سعودی عرب – شدید گرمی کے باعث کئی شہروں میں ریڈ الرٹ – زائرین محتاط رہیں

کے این واصف
سعودی عرب میں جولائی اور اگسٹ شدید گرمی کے مہینے ہوتے ہیں۔ مملکت کے محکمہ موسمیات نے مشرقی ریجن کے بیشتر شہروں کے علاوہ ریاض ریجن کے کئی شہروں کے لیے شدید گرمی سے خبردار کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیاہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ الدمام، الخبر، الاحسا، ابقیق، العدید، الجبیل، قطیف، حفر الباطن وغیرہ شہروں میں آج شدید گرمی ہوگی اور دن کے اوقات میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔
تمام رہائشیوں کو چاہئے کہ وہ شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ جائیں۔ محکمے نے کہا ہے کہ اس سے ملتی جلتی مگر ذرا کم شدت کے ساتھ گرمی ریاض ریجن کے الخرج، الافلاج، الدوادمی، عفیف اور السلیل کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہے جہاں 48 ڈگری تک گرمی ہوگی۔
مکہ مکرمہ کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ الشعیبہ، العرضیات، القنفذہ، المظیلف، الخرمہ اور تربہ میں گرد وغبار رہے گا۔ اسی طرح مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الحناکیہ، المہد اور دیگر میں بھی مطلع غبار آلود رہے گا۔ حد نگاہ متاثر ہوگی۔
واضح رہے ان دنوں مقدس شہروں میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بھاری موجود ہے۔ سارے زائیرین خصوصاُ وہ جو شدید گرمی کے عادی نہیں ہیں انھیں چاہئیے کہ وہ احتیاط برتیں۔