سسرال والوں نے بیوہ بہو کو بیچ دیا۔ مہاراشٹرا میں شرمناک واقعہ

File photo
ممبئی: مہاراشٹرا کے یاوت مال ضلع میں ایک نہایت افسوسناک اور غیر انسانی واقعہ پیش آیا جہاں اپنے شوہر کو کھو چکی ایک بیوہ خاتون کو سہارا دینے کے بجائے اس کے سسرال والوں نے ہی اسے فروخت کر دیا۔
یہ واقعہ ارنی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر اور بیٹا چند سال قبل فوت ہو چکے تھے جس کے بعد وہ اپنی بیٹی اور بیٹے کے ساتھ سسرال کے گھر میں رہ رہی تھی۔
اسی دوران ساس اور سسر نے اسے فروخت کرنے کی سازش رچی۔ انہوں نے گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے ساتھ ایک لاکھ بیس ہزار روپے میں سودا طے کیا اور اسے اس شخص کے حوالے کر دیا۔
خاتون کو خریدنے والا شخص دو سال تک اسے جسمانی اور ذہنی اذیت دیتا رہا حتیٰ کہ اس سے ایک بچہ بھی پیدا ہوا۔ بعد میں وہ شخص اسے گاؤں میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔متاثرہ خاتون کی
شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔