ایجوکیشن

ایم ایس جونیئر کالج کے طالب علم محمد زہیر حیدر نے سی اے فاؤنڈیشن کامیابی سے پاس کرلیا —سی اے فاونڈیشن کامیاب ہونے والے ایم ایس کے 142ویں طالب علم 

حیدرآباد، 25جولائی 2025:ایم ایس جونیئر کالج کے ہونہار طالب علم محمد زہیر حیدر نے مئی 2025 میں منعقدہ سی اے فاؤنڈیشن امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 400 میں سے 261 مارکس حاصل کیے۔ یہ ان کی پہلی ہی کوشش تھی، جس میں انہوں نے شاندار کامیابی حاصل کر کے ادارے اور والدین کا نام روشن کیا۔ محمد زہیر ایم ایس جونیئر کالج سے کامیابی حاصل کرنے والے 142ویں طالب علم بن گئے ہیں، جنہوں نے چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے اس اہم مرحلے کو عبور کیا ہے۔

 

 

اپنی اس کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے زہیر نے کہا کہ یہ سفر آسان نہیں تھا، لیکن ایم ایس جونیئر کالج کے اساتذہ کی بے مثال رہنمائی، انتظامیہ کی مسلسل حوصلہ افزائی، اور میرے دوستوں و والدین کی دعاؤں اور تعاون نے مجھے اس منزل تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک جذباتی اور تعلیمی طور پر پُر آزمائش سفر تھا، لیکن ہر قدم پر اساتذہ کا یقین اور رہنمائی میرے حوصلے کو جِلا دیتی رہی۔

 

 

ایم ایس جونیئر کالج کے MEC (Maths, Economics, Commerce) کورس نے محمد زہیر جیسے طلباء کو نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیابی دلائی ہے بلکہ انہیں ایک بااعتماد، دیانت دار اور سماجی طور پر مفید چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کی راہ پر بھی گامزن کیا ہے۔ یہاں طلبہ کو صرف نصابی تعلیم ہی نہیں دی جاتی بلکہ ان کے اندر مالیاتی شعور، اسلامی اقتصادی اصولوں کی فہم، اور کمیونٹی کی خدمت کا جذبہ بھی پروان چڑھایا جاتا ہے۔

 

 

کالج کا ماحول، تربیتی نظام، تجربہ کار اساتذہ، اور ایک مربوط نصاب مل کر وہ فضاء پیدا کرتے ہیں جہاں ہر طالب علم خود کو بااعتماد محسوس کرتا ہے۔ کلاس میں وقت کی پابندی، ذہنی صلاحیت کو جِلا دینے والے مشقیں، اور ذاتی رہنمائی کی سہولت اس کامیابی کا راز ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ایم ایس جونیئر کالج سے سی اے فاؤنڈیشن پاس کرنے والے طلبہ کی تعداد 142 ہو چکی ہے، اور یہ سلسلہ روز بروز ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیرمین جناب محمد لطیف خان نے محمد زہیر حیدر اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا:

 

 

“زہیر کی یہ کامیابی ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔ ہم ان کی محنت اور عزم کی قدر کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ آنے والے مراحل میں بھی اسی طرح کامیاب ہو۔ میں ایم ایس جونیئر کالج کے تمام اساتذہ کو بھی تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی مسلسل کاوشوں اور خلوص نیت کے نتیجے میں آج 142 طلبہ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے پیشے میں قدم رکھ چکے ہیں۔ یہ صرف ایک تعلیمی کامیابی نہیں بلکہ قوم کی تعمیر میں ایک مضبوط قدم ہے۔ ” ا نہوں نے آگے کہا کہ سی اے فاؤنڈیشن کے علاوہ ایم ایس جونیئر کالج میں سرٹیفائیڈ منجمنٹ اکاؤنٹنٹ CMA کورس کے فاؤنڈیشن کی بھی تربیت کا انتظام ہے ۔

 

 

محمد زہیر حیدر کی نظریں اب سی اے کے اگلے مرحلے ، سی اے انٹرمیڈیٹ پر مرکوز ہیں، جسے وہ مئی 2026 میں دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایم ایس کے تعلیمی معیار اور یہاں محمد زہیر کو حاصل رہنمائی کے ساتھ ان کی لگن کو دیکھتے ہوئےایم ایس جونئر کالج کے اساتذہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ، انشاءاللہ وہ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button