تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کے زیراہتمام دوسینئر صحافیوں۔ سید قادر محی الدین وحید قادری۔ اور شیخ نصیرالدین کا تعزیتی جلسہ

حیدرآباد(26۔جولائی)مشیر حکومت تلنگانہ برائے درج فہرست اقوام ۔ قبائل واقلیتیں محمد علی شبیر نے صحافیوں سے کہا کہ وہ مسلمانوں کو بی سی طبقے کے تحت ریزرویشن کو یقینی بنانے عوامی شعورکو بیدارکریں۔ تلنگانہ اردوورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کے زیراہتمام دوسینئر صحافیوں۔ سید قادر محی الدین وحید قادری۔ اور شیخ نصیرالدین کے جلسہ تعزیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت انہیں سماج کے تمام طبقات کو ان کے آبادی کے اساس پر حصہ داری دینے ۔پسماندہ طبقات کوبیالیس فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیاہے
۔ انہوں نے کہا کہ اس بیالیس فیصد میں مسلمانوں کے لئے دس اعشاریہ دوآٹھ فیصد تحفظات یقینی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کہہ رہی ہے کہ مسلمانوں کو تحفظات نہ دیں تب ہی وہ بی سی ریزرویشن کی تائید کرے گی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اس اہم مسئلہ پر ریاست کی اپوزیشن بی ارایس پارٹی کا موقف ناقابل فہم ہے
۔ اس پارٹی کو اپنا موقف واضح کرناچاہیے کہ آیا وہ مسلمانوں کو بی سی ریزرویشن کے حق میں ہے یا نہیں۔ انہوںنے کہا کہ نومبر دوہزار چوبیس میں جو طبقاتی سروے کیاگیاتھااس میں مسلمانوں کی بڑی تعدادنے حصہ نہیں لیا جس کی وجہ سے ریاست میں مسلمانوں کی آبادی جو پندرہ فیصد سے زائد ہے اس سروے کے مطابق بارہ اعشاریہ دوصفر بتائی گئی ہے۔
انہوں نے صحافیوں اور دیگر جہد کاروں سے کہا کہ چاہیے طبقاتی سروے ہو یا ووٹر لسٹ میں نام محلے کی سطح پر جہد کار اور صحافی گھرگھر پہونچ کر شمارکنندوں کے ذریعہ نام لکھوائیں۔ اردو صحافت کے مسائل پر انہوں نے کہا کہ حکومت سے جو بھی ممکن ہو اس کے لئے وہ اپنی خدمات پیش کریں گے۔ انہوںنے مرحوم صحافیوں کی خدمات کو خراج پیش کیا ۔ اوران صحافیوں کے ورثا سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی جانب سے رقمی اعانت پیش کی۔ ڈائریکٹر دائرة المعارف پروفیسر ایس اے شکور۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اردواکیڈیمی کرشنا۔روزنامہ منصف کے منیجنگ ایڈیٹر اطہر معین۔ روبی چیانل کے نیوز ہیڈ آصف علی ۔ فیڈریشن کے سرپرست شوکت علی خان یوسف زئی۔ ایم ایس ہاشمی۔ کے علاوہ فور ٹی وی کے نیوز کاسٹر یاسر اللہ شکیل۔ فیڈریشن کی خاتون ونگ کی سربراہ ساجدہ بیگم ثناء۔ اور دیگر صحافیوںنے بھی خطاب کیا۔
فیڈریشن کے صدر ایم اے ماجد نے صدرات کی۔ کنونیر حسن عرفان نے کاروائی چلائی۔ فیڈریشن کے جرنل سکریٹری سید غوث محی الدین۔ خازن ایم اے محسن۔کنونیر شیخ خلیل فرہاد۔محمد حبیب الدین۔ نائب صدو ر سید عظمت شاہ ۔انورجیلانی۔ لئیق ۔ڈاکٹر فاضل حسین پرویز۔ شجاعت علی صوفی۔فیڈریشن کی رکن آفرین بیگم۔ ایم اے واجد۔ خلیل قادری۔ نعیم وجاہت۔ مبشر علی خرم۔ ریاض احمد۔ ستیم۔ کے این واصف ۔کے علاوہ صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر شیخ نصیر الدین کے فرزندان۔ شیخ الیاس الدین۔ اور شیخ امتیاز الدین کے علاوہ سید وحید قادری کے برداران سید غلام محمد قادری۔ سید لطیف محی الدین سہیل قادری۔ کے علاوہ ادریس احمد فراز۔ اور سید مصطفی قادری بھی موجود تھے۔