جرائم و حادثات

اترپردیش میں مسلم ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا – حملہ آوروں کو پکڑنے پولیس کی 6 ٹیمیں سرگرم

لکھنؤ – 9 نومبر ( اردولیکس )اترپردیش کے سہارنپور میں ایک سنسنی خیز قٹل کی واردات پیش آئی، جہاں پنچکولہ-دہرادون ہائی وے پر ایک مسلم ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو دن دہاڑے گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ یہ ٹرک جو کہ باجرے سے بھرا ہوا تھا، پنجاب کے روپڑ سے روڑکی کی طرف جا رہا تھا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موقع پر پہنچے اور تحقیقات میں مصروف ہو گئے۔ ٹرک ڈرائیور کی شناخت ہر دوار کے رہائشی 33 سالہ شعیب کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ کلینر کی شناخت 36 سالہ دانش کی حیثیت سے ہوئی ہے۔

 

یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ 18 ٹائروں والا ٹرک جو باجرے سے بھرا ہوا تھا، پنجاب کے روپڑ ضلع سے ہر دوار کے روڑکی جا رہا تھا۔ جیسے ہی ٹرک سہارنپور کے پنچکولہ-دہرادون ہائی وے کے لاکھنور کٹ کے قریب پہنچا، ایک تیز رفتار سفید رنگ کی کار میں سوار نامعلوم افراد نے ٹرک کو اوورٹیک کر کے روک لیا اور ڈرائیور اور کلینر کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں نے بھاگنے کی کوشش بھی کی، لیکن حملہ آوروں کی شدید فائرنگ سے دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

 

پولیس نے دونوں نعشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ ایس ایس پی روہت سجاون، ایس پی رورل ساگر جین اور دیگر افسران نے موقع پر پہنچ کر واقعے کا جائزہ لیا۔ پولیس نے مقتولین کے گھر والوں کو اس سانحے کی اطلاع دی، جبکہ ٹرک کا مالک بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گیا۔ دن دہاڑے پیش آنے والے اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ ہائی وے پر گزرنے والے راہگیروں نے واقعہ دیکھ کر اپنی گاڑیاں مزید تیز کر دیں۔ پولیس نے قتل کی وجوہات تلاش کرنے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

 

ہائی وے پر ٹرک کے باہر چھ سے زیادہ کارتوس برآمد ہوئے۔ موقع پر دیکھا گیا کہ ایک لاش ٹرک سے کچھ دور ہائی وے پر پڑی تھی جبکہ دوسری لاش ٹرک کے اندر اسٹیئرنگ سے لپٹی ہوئی ملی۔ یہ مانا جا رہا ہے کہ دونوں نے بھاگنے کی کوشش کی، لیکن مسلسل فائرنگ کی وجہ سے دونوں موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

 

ایس ایس پی روہت سجاون نے بتایا کہ پنچکولہ-دہرادون نیشنل ہائی وے 344 پر پنجاب سے روڑکی جا رہے باجرے سے لدے ٹرک کے ڈرائیور اور کلینر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور مقتولین کے اہل خانہ کو اطلاع دی جا چکی ہے۔ قتل کی وجوہات کا پتا لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button