جنرل نیوز
غزہ کے حالات سے انسانیت کے وجود کو خطرہ
جانوروں کے حقوق کی بات کرنے والے فلسطینیوں کی مظلومیت پر خاموش۔ ڈان اسکول میں یوم غزہ پروگرام

حیدرآباد۔3 اگست (پریس نوٹ) فلسطین بالخصوص غزہ میں اسرائیلی مظالم کو نمایاں کرنے اور بچوں کو اس سنگین مسئلہ سے واقف کرانے کے لئے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں یوم غزہ منایا گیا اور مظلوم فلسطینیوں سے یگانگت کا اظہار کیا گیا۔
اس پروگرام سے علما اور صحافیوں نے خطاب کیا۔ سکریٹری مجلس علمائے ہند مولانا سید تقی رضاعابدی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے انسانیت خطرہ میں پڑگئی ہے۔ مولانا نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ
22مہینوں میں اب تک 60ہزار سے زائد فلسطینیوں بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کردیا گیا ہے لیکن اس بدترین قتل عام پر دنیا خاموش ہے حالانکہ اسی دنیا کے لوگ جانوروں کی حقوق کی باتیں کرتے ہوئے نہیں تھکتے۔ مولانا تقی رضا
عابدی نے مسلم ممالک بالخصوص عرب ملکوں کی خاموشی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی بربریت نے کئی لوگوں کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے ۔ انہوں نے بعض مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ہالی ووڈ کی اداکارائیں غزہ کے بچوں کے
لئے آواز اٹھارہی ہیں۔ بعض ہندو خواتین کی جانب سے میک ڈونالڈز کے بائیکاٹ کی مہم کے ویڈیوز سامنے آرہے ہیں۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج مساجد کے منبر بھی غزہ کے مظالم پر لب کشائی سے گریز کررہے ہیں۔ دیگر مقررین
نے کہا کہ اسرائیل کے تقریباً دو سال سے جاری مظالم، بربریت اور قتل عام کو روکنے میں اقوام متحدہ ، عرب لیگ، روس ، امریکہ سعودی عرب کے بشمول دنیا کی بڑی طاقتیں اور عالمی ادارے ناکام ہوچکے ہیں اور عملاً دوسری عالمی جنگ کے
بعد بننے والا عالمی نظام فرسودہ ثابت ہوچکا ہے۔ مقررین نے کہاکہ آج فلسطین کے بچوں کو صرف بموں اور گولیوں سے ہی نہیں بلکہ بھوک سے مارا جارہا ہے اور نام نہاد قائدین زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ بھی نہیں کر پارہے ہیں۔ اس موقع پر
طالبات نے مولانا تقی رضا عابدی اور دیگر سے فلسطین مسئلہ بالخصوص غزہ کے حالات کے بارے میں سوالات کئے۔ بچوں کو فلسطین مسئلہ کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا اور انہیں سمجھایا گیا کہ اسرائیل ، صہیونی تحریک کے تحت بیرونی
ممالک بالخصوص سے یوروپ سے نقل مکانی کرکے آئے تھے۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ حماس ایک عسکری نہیں بلکہ سیاسی جماعت ہے جس نے 2006ء کے فلسطینی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے باوجود اسے غزہ تک
محدود کردیا گیا۔ طالبات نے اس موقع پر ’فری فلسطین، کے نعرے لگائے ۔ ڈان گروپ انسٹی ٹیوشنس کے صدر نشین فضل الرحمن خرم نے بچوں کو مسئلہ فلسطین سے واقف کرانے اور ان کے علم میں اضافہ کے لئے مولانا تقی رضا عابدی اور دیگر
کا شکریہ ادا کیا۔ ممتاز قاری مولانا نصیرالدین منشاوی اس موقع پر موجود تھے