مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ‘ نعرے کے ساتھ۔ سی آئی او۔ریاست نگرکی شجر کاری مہم کا اختتام

’مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ‘ نعرے کے ساتھ۔ سی آئی او۔ریاست نگرکی شجر کاری مہم کا اختتام
جلسہ تقسیم اسناد و انعامات کا انعقاد۔ طلباء وطالبات کا بہترین مظاہرہ
چلڈرنس اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او)،ریاست نگر کی جانب سے شجرکاری مہم ”مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ“ کااختتامی جلسہ و تقسیم اسناد و انعامات مسعودہ فنکشن ہال،معین باغ پر منعقد ہوا۔بچوں نے شجرکاری اور درختوں کی اہمیت وافادیت سے متعلق بہترین پروگرامس پیش کئے۔ طالبہ عبیدہ اسلم کی تلاوت قرآن و انگریزی ترجمانی سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ماسٹرحنظلہ زبیرنے ان آیتوں کا اردو ترجمہ پیش کیا۔طالبہ حفصہ بیگم نے حدیث شریف کے حوالہ سے شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ماسٹر عبدالعزیزبسام نے شجرکاری مہم کا ترانہ پیش کیا اور اردو زبان میں تقریر کی۔طالبات بشری،عایزہ اورعلیشہ نے انگریزی زبان میں تقاریر پیش کئیں جبکہ ماسٹرشاہزم نے تلگوزبان میں مخاطب کیا۔سودہ مریم،ساریہ مریم،حمنہ مریم، تحیہ اسلم،شاہزم،حسیم آمنہ نے شجرکاری کی اہمیت پر بہترین ڈرامہ پیش کیا۔رشدہ مریم نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔اس موقع پر شجر کاری مہم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے محترمہ رضوانہ رفعت،ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر نے کہا کہ بچوں کے درمیان پیڑ،پودوں سے محبت اور ان کو شجر کاری کی طرف راغب کرانا اس مہم کا مقصد ہے۔اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر، بچے اسکولوں، مدرسوں، مساجد، محلے کے پارکوں اور یہاں تک کہ اپنے گھروں کے سامنے درخت لگائیں گے۔ ہر بچے کو اپنے درخت کا نام رکھنے، دوست کی طرح اس کی دیکھ بھال کرنے اور ڈرائنگ، کرافٹس اور دیگر مقابلہ جات وغیرہ کے ذریعے اپنے تجربے کو ریکارڈ کرنے کی ترغیب اس مہم کے دوران دی گئی۔ محترمہ رقیہ فاطمہ ناظمہ،سی آئی او۔ریاست نگرنے اس موقع پربتایا کہ چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او) پانچ سال سے لیکر دس سال تک کے بچے اور بچیوں کی دینی تربیت اور ان کے اندر سماجی شعور بیدار کرنے کا کام کر رہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے جہاں ایک طرف ماحولیاتی آلودگی کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے وہیں دوسری جانب ان میں سماجی ذمہ داری کا احساس بھی بیدار کرنا ہے۔۔تقریب میں جماعت اسلامی ہندریاست نگرکے ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔