اتراکھنڈ کے دھرالی گاؤں میں قدرت کا قہر: بادل پھٹنے سے تباہی، درجنوں لاپتہ، کئی ہلاک

اتراکھنڈ کے ضلع اُترکاشی کے دھَرالی گاؤں میں قدرت نے ایسا قہر ڈھایا کہ ہر دل کانپ اٹھا۔ بادل پھٹنے کے خوفناک واقعے نے نہ صرف زمین کو چیر ڈالا، بلکہ انسانوں کی امیدوں اور خوابوں کو بھی ملبے تلے دفن کر دیا
۔ 5 اگست کو صبح تقریباً 1:45 بجے دھارالی گاؤں میں شدید کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں اچانک آنے والے سیلاب نے ایسی تباہی مچائی کہ عمارتیں، ہوٹلز، مارکیٹیں اور پل تک بہہ گئے۔ سب کچھ صرف چند سیکنڈ میں مٹی کا ڈھیر بن گیا۔
جب آسمان نے قہر برسایا، ایک لمحے میں سب کچھ بدل گیا۔ آسمان سے باتیں کرتے درخت، اونچی عمارتیں – سب مٹی میں مل گئیں۔ ندی نے اپنی حدیں توڑ دیں، اور پانی نے پورے گاؤں کو نگل لیا۔ لوگ اپنی جان بچا کر بھاگے، لیکن موت باز کی طرح جھپٹ کر آ گئی۔ دھرالی کا ہر کونا چیخ رہا تھا۔ کوئی ماں اپنے بچے کو تلاش کر رہی تھی،
کوئی بوڑھا شخص اپنے گھر کی جانب ٹکٹکی باندھے دیکھ رہا تھا، لیکن اب وہاں صرف ملبہ ہی باقی تھا۔ اس آفت میں کئی زندگیاں ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئیں۔ کم از کم 4 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق تقریباً 50 سے 100 افراد لاپتہ ہیں۔ سرکاری ایجنسیاں، فوج، NDRF، SDRF اور مقامی لوگ مل کر راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم اور ریاستی وزیر اعلیٰ نے فوری امدادی اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے،
لیکن جو کچھ کھو چکا ہے، اس کی تلافی ممکن نہیں۔ اب ان کے نام صرف سرکاری اعداد و شمار میں درج ہوں گے، لیکن اپنے پیاروں کے دلوں میں وہ ہمیشہ دھڑکتے رہیں گے۔