مرحوم اردو صحافیوں کے خاندانوں کی مالی مدد میں اضافہ

مرحوم اردو صحافیوں کے خاندانوں کی مالی مدد میں اضافہ
حیدرآباد، 7 اگست: صدر اردو اکیڈمی تلنگانہ، طاہر بن حمدان کی قیادت میں مرحوم اردو صحافیوں کے خاندانوں کو دی جانے والی مالی امداد کو بیس ہزار روپے سے بڑھا کر پچیس ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TUWJF) کی مسلسل نمائندگی کے بعد کیا گیا۔ حال ہی میں فیڈریشن کی جانب سے دو سینئر صحافیوں، شیخ نصیر (روزنامہ منصف) اور سید قادِر محی الدین وحید قادری (راشٹریہ سہارا – روبی نیوز) کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجلاس کے دوران اردو اکیڈمی سے اس سلسلے میں مطالبہ کیا گیا تھا۔ ابتدا میں بیس ہزار روپے بطور عبوری امداد دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جسے بعد میں بڑھا کر پچیس ہزار روپے کردیا گیا۔
اردو اکیڈمی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وی کرشنا نے فیڈریشن کو اس سلسلے میں یقین دہانی کرائی تھی، جس کے بعد اس میں اضافہ کو باقاعدہ منظوری دی گئی۔
اکیڈمی کے عہدیدار نے سید قادِر محی الدین وحید قادری کے اہلِ خانہ کو یہ امدادی رقم ان کے مکان پر پہنچا کر دی۔
صدر اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان کی ہدایت پر اردو اکیڈمی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وی کرشنا، اکاؤنٹنٹ عطا اللہ خان اور فیڈریشن کے نمائندے مرحوم صحافی کے ہمایوں نگر واقع مکان پہنچے اور مالی امداد اُن کے خاندان کو دی۔
اس موقع پر مرحوم کے بھائی اور سینئر صحافی خالد قادری، فیڈریشن کے صدر ایم اے ماجد، جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین، ساجدہ بیگم ثناء اور حسن عرفان بھی موجود تھے۔