دہلی میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 7 افراد جاں بحق – مرنے والوں میں دو کمسن حسینہ اور رخسانہ بھی شامل

دہلی کے ہری نگر علاقے میں ہفتہ کی صبح شدید بارش کے دوران ایک دیوار گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کے مطابق صبح 9 بجکر 16 منٹ پر اطلاع ملنے پر تین فائر ٹینڈرز اور پولیس ٹیمیں فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں
۔ ہلاک شدگان میں 30 سالہ شعیب، 30 سالہ ربیب، 45 سالہ متو علی، 25 سالہ روبینہ، 25 سالہ ڈولی، 6 سالہ رخسانہ اور 7 سالہ حسینہ شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دیوار گرنے کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے،
جس میں پراگتی میدان میں 100 ملی میٹر، صفدر جنگ میں 78.7 ملی میٹر، لوہڈی روڈ پر 80 ملی میٹر، پُوسا میں 69 ملی میٹر اور پالم میں 31.8 ملی میٹر بارش شامل ہے۔ اس موسلا دھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے شہر کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے۔ متعلقہ حکام موقع پر پہنچ کر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔