ایم ایس کریئیٹو اسکول کے دو طلبہ سری لنکا میں منعقد اسکاؤٹس اور گائیڈس کے بین الاقوامی ایونٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کے لئے منتخب

حیدرآباد، 13 اگست 2025 ۔ایم ایس کریئیٹو اسکول کے دو کم عمر طلبہ و کب اسکاؤٹس ، محمد صفوان قریشی اور محمد امتیاز عفّان ، سری لنکا اسکاوٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے باوقار 14ویں نیشنل کبورِی میں شرکت کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔ایم ایس کے لئے یہ اعزاز اور بھی اہم اس لئے ہے کہ اس بین الاقوامی تقریب میں نمائندگی کرنے کے لئے ہندوستان سے صرف دو کبس منتخب ہوئے ہیں ۔ اس عظیم الشان ایونٹ کا مقصد
نوجوانوں میں بین الاقوامی دوستی، تعاون اور ذاتی صلاحیتوں کی نشوونما کو فروغ دینا ہے، جس کے لیے جسمانی کھیل، نمائشیں، ایرینا ڈسپلے، کیمپ فائر اور کئی دلچسپ سرگرمیاں شامل ہوں گی۔سری لنکا میں منعقدہ 14ویں نیشنل کبورِی تاریخی شہر انورادھاپورا، نارتھ سنٹرل پروونس میں 15 سے 17 اگست 2025 تک منعقد ہوگا۔ یہ تقریب تقریباً 10000 کب اسکاؤٹس اور نوجوان اسکاوٹ لیڈرز کو پورے سری لنکا اور دنیا کے مختلف ممالک سے یکجا کرے گی۔ سری لنکا اسکاوٹ ایسوسی ایشن نے
بھارت کے بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کو خصوصی دعوت دی ہے تاکہ منتخب بھارتی کبز اس اہم کب اسکاؤٹنگ کے جشن میں شریک ہو سکیں، اور ساتھ ہی ساتھ اس میں شرکت کے لئے سارک ممالک کی اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز ایسوسی ایشنز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔صفوان اور امتیاز کے لیے یہ موجودہ تعلیمی سال کا تیسرا بڑا اسکاؤٹنگ ایونٹ ہے۔ ان کا سفر جیڈی میٹلا حیدرآباد میں واقع بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز اسٹیٹ ٹریننگ سینٹر کے ایک
مقامی کیمپ سے شروع ہوا، پھر 28 جنوری تا 3 فروری 2025 کو تروچیراپلی، تمل ناڈو میں ڈائمنڈ جوبلی جیمبوری میں شرکت کی، اور اب سری لنکا کا یہ کبورِی ان کے اسکاؤٹنگ سفر کا پہلا بین الاقوامی موقع ہوگا ہے۔
سری لنکا میں ہونے والی اس تقریب میں یہ دونوں کبز آؤٹ ڈور چیلنجز، ایرینا ڈسپلے، ثقافتی تبادلے، کمیونٹی سروس اور تاریخی ورثے کے دوروں میں حصہ لیں گے۔توقع ہے کہ اس کے ذریعہ ان میں قیادت، خوداعتمادی، بین الثقافتی سمجھ بوجھ کا جذبہ اور ابلاغی مہارتوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔
سری لنکا کبوری ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کے لئے اپنے انتخاب سے مسرور صفوان اور امتیاز نے کہا کہ وہ اس موقع کے لیے بے حد پُرجوش ہیں، جبکہ ان کے والدین اس موقع کو اپنے بچوں کے لیے خوش قسمتی قرار دیتے ہیں کہ وہ ایک بین الاقوامی ایونٹ میں شریک ہو رہے ہیں۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے اکیڈمک ڈائریکٹر ڈاکٹر سید حمید بھی اس سری لنکا ٹور میں صفوان قریشی اور امتیاز عفّان کے ہمراہ ہوں گے۔سری لنکا کے سفر کے لئے ایم ایس کا وفد 14 اگسٹ کی صبح بذریعہ طیارہ حیدرآباد انٹرنیشنل ائر پورٹ سے کولمبو کے لئے روانہ ہوگا۔اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر معظّم حسین نے کہا:
"یہ ہمارے لیے بے حد فخر کا لمحہ ہے۔ صفوان اور امتیاز نے کب اسکاؤٹنگ میں ہمیشہ نظم و ضبط، لگن اور جوش کا مظاہرہ کیا ہے۔ بھارت کی نمائندگی کے لیے ان کا انتخاب نہ صرف ان دونوں کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ یہ ایم ایس کریئیٹو اسکول میں اسکاؤٹنگ کی اعلیٰ معیار کی سرگرمیوں کا واضح ثبوت بھی ہے۔”
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی حیدرآباد میں سب سے پہلے "بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز” کے کَبز اور بلبُلز پروگرام متعارف کرانے والے تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔ یہ پروگرام ایم ایس کریئیٹو اسکول میں نافذ کیا گیا، جو کردار سازی، زندگی کی مہارتوں اور سماجی ذمہ داری پر مرکوز ہے، اور اس کا مقصد کم عمر طلبہ میں نظم و ضبط، خود انحصاری، ٹیم ورک اور فطرت سے محبت جیسے اوصاف پیدا کرنا ہے۔
________________________________________