بھو ساول میں دعوتِ اسلامی ہند کی شاندار ترنگا ریلی اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کامیابی سے منعقد

بھو ساول میں دعوتِ اسلامی ہند کی شاندار ترنگا ریلی اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کامیابی سے منعقد
بھو ساول، 15 اگست :79ویں یومِ آزادی اور 1500ویں عید میلاد النبی کے موقع پر دعوتِ اسلامی ہند اور اس کے فلاحی شعبے غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن (GNRF) کی جانب سے بھو ساول میں دو شاندار پروگرام منعقد کیے گئے— صبح ترنگا ریلی اور دوپہر بلڈ ڈونیشن کیمپ۔صبح 9:00 بجے امر دیپ چوک سے مدرسے کے سیکڑوں بچے سفید لباس اور عمامے میں، ہاتھوں میں ترنگا لیے، ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ ترانہ اور ملی نغمے پڑھتے ہوئے روانہ ہوئے۔ ریلی ریلوے اسٹیشن، ماڈرن روڈ، جام محلہ، کھڑکا روڈ سے ہوتی ہوئی رضا ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔
دوپہر 2:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک سنی جامع مسجد، جام محلہ کے سامنے GNRF کے زیرِ اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد ہوا، جس میں شہر اور قرب و جوار کے عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کل 51 یونٹ خون اکٹھا ہوا، جو مستحق مریضوں کو فراہم کیا جائے گا۔ تمام بلڈ ڈونرز کو سرٹیفکیٹ دیے گئے۔
دعوتِ اسلامی ہند کے قومی رکن حاجی سلیم عطاری نے بتایا کہ اس طرح کے بلڈ ڈونیشن کیمپ پورے بھارت کے ہر صوبے اور ضلع میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد حب الوطنی، اتحاد، بھائی چارہ اور خدمتِ انسانیت کو فروغ دینا ہے۔
ان پروگراموں کی کامیابی میں , دعوتِ اسلامی کےجَلگاؤں ضلع صدر زبیر عطاری GNRF کے۔ جَلگاؤں ضلع صدر رفیق روشن قادری، عبد السعید ، شعیب عطاری, حافظ قاسم, مولانا ظلفقار مصباحی, مولانا ساجد, قاری خالد, قاری ادریس, اظہر قادری, خالد عطاری اور آصف عطاری نے خصوصی کردار ادا کیا۔
اختتام پر بھارت کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔