اردو آفیسر محبوب نگر ڈاکٹر منیب آفاق کو عمدہ اور بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا

اردو آفیسر محبوب نگر ڈاکٹر منیب آفاق کو عمدہ اور بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا
محبوب نگر 16/آگست (اردو لیکس). 79 ویں یوم آزادی تقریب کے موقع پر ملک بھر میں حکومت کی جانب سے رنگارنگ تقاریب منعقد کی گئیں جس میں ترنگا لہرانے کے بعد مجاہدین آزادی کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا. اسی نوعیت کی ایک شاندار تقریب محبوب نگر کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کی گئی
جس میں ریاستی وزیر برائے سیاحت و ثقافت جوپلّی کرشنا راؤ نے ترنگا لہرانے کے بعد تقریب کو مخاطب کیا. علاوہ ازیں مقامی رکن اسمبلی ینم سری نواس ریڈی، ضلع کلکٹر محترمہ وزائیندرا بوئی، ایڈیشنل کلکٹر شیویندرا پرتاپ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا. بعد اذاں عمدہ کارکردگی پر ملازمین کو ستائشی اسناد سے نوازا گیا. محکمہ اقلیتی بہبود سے اردو آفیسر، ڈاکٹر منیب آفاق کو ان کی عمدہ اور بہترین کارکردگی کے لیے منتخب کیا گیا.
اس موقع پر ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ، ینم سرینواس ریڈی، ایم ایل اے، محبوب نگر، ضلع کلکٹر محبوب نگر محترمہ وزائیندرا بوئی ، شیویندرا پرتاپ، ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز) محبوب نگر ضلع نے ڈاکٹر منیب آفاق کو سند عطاء کرتے ہوئے ان کی ستائش کی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
اس موقع پر اردو آفیسر ڈاکٹر منیب آفاق نے محکمہ اقلیتی بہبود، ضلع انتظامیہ اور ساتھی عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے کافی اہمیت کا حامل ہے. وہ مستقبل میں اپنی کارکردگی کو نہ صرف برقرار رکھیں گے بلکہ مزید محنت کرتے رہیں گے.