اسٹار گلوبل اسکول بورابنڈہ میں 79 واں یومِ آزادی تقریب کاانعقاد

اسٹار گلوبل اسکول بورابنڈہ میں 79 واں یومِ آزادی تقریب کاانعقاد
حیدرآباد(راست)اسٹار گلوبل اسکول بورابنڈہ میں 79 واں یوم آزادی بڑے جوش و جذبے اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر حکومتِ ہند کی جانب سے مقرر کردہ سالانہ تھیم ”آزادی کا احترام، مستقبل کو متاثر کرنا“ کے تحت اسکول میں مختلف کلچرل پروگرامس کاانعقاد عمل میں آیا۔ جس کے ذریعے طلبہ میں آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب دینے کا پیغام دیا گیا۔
اس موقع پر اسکول کی ڈائریکٹروکرسپانڈنٹ وسیم النساء نے کہا کہ اسکول میں مختلف پس منظر، ثقافتوں اور ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ جمع ہوتے ہیں اور یہیں ہندوستان کی اصل روح یعنی اتحاد اور کثرت میں وحدت کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ ہمارے طلبہ ہی ہندوستان کا مستقبل ہیں اور ضروری ہے کہ وہ اُن ثقافتی اقدار کی قدر کریں جن پر ہم سب کو فخر ہے۔ آزادی کا جشن صرف ایک دن کی تقریب نہیں، بلکہ اس کا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ طلبہ کو ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی اور ان قربانیوں سے روشناس کرایا جائے
جن کے ذریعے ہمیں یہ آزادی حاصل ہوئی۔ سید فہیم (موٹیویشنل اسپیکر) نے طلبہ کو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے اہداف کے تعین اور ان کے حصول کے لیے انتھک محنت کرنے کی ترغیب دی۔سمیعہ فردوس حسین (ماہرِ نفسیات)نے والدین اور طلبہ کو نشاندہی کی کہ کس طرح اسکرین کی لت اور ضد کو کم کیا جاسکتا ہے، اور بہتر تربیت کے ذریعے بچوں میں مثبت عادات پروان چڑھائی جا سکتی ہیں۔
حسنہ خان (ایڈووکیٹ) نے بھی اس موقع پرخطاب کیا۔ جشن کے موقع پر طلبہ نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے جن میں قومی رقص، تقاریر، قومی علامتوں کی پیشکش اور خصوصی ڈرامہ ”بھارت ایک کتھا“ شامل تھا۔ طلبہ کی پُرجوش پرفارمنس کو حاضرین نے بے حد پسند کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنے بچوں کی کارکردگی اور حب الوطنی سے سرشار ماحول کے گواہ بن سکیں
۔ والدین نے بھی طلبہ کی صلاحیتوں کو خوب سراہا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آخر میں محترمہ رخشندہ (ایونٹ کوآرڈینیٹر) نے رپورٹ پیش کی اور تمام مہمانوں، والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یومِ آزادی کے اس تاریخی جشن کو کامیاب بنانے میں حصہ لیا۔