جنرل نیوز

عزیز احمد اور ایوب علی خاں کے 50 سالہ صحافتی خدمات کا اعتراف – تہنیت بدست ڈاکٹراوصاف سعید۔ 

 کے این واصف

میر ایوب علی خاں اور عزیر احمد جیسے بیباک اور دیانتدار صحافی اپنے دیرینہ تجربات، درکار محنت، دیانتداری، صحافتی اقدار کو پیشہ سے جڑنے والی نئی نسل میں منتقل کرنے کی کوشش کرین۔ یہ وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اوصاف سعید سابق معتمد خارجہ حکومت ہند نے کیا۔ وہ ایوب علی خاں ایڈیٹر نیوز پورٹل “سیاست ڈاٹ کم” اور عزیز احمد جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ اعتماد کےاعزاز میں منعقد تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے جس کا اہتمام میڈیا پلس اور گواہ ویکلی نے کیا تھا۔ یہ تقریب ایوب علی خاں اور عزیز احمد کی 50 سالہ صحافتی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی تھی۔

سابق سفیر مملکت سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے یہ بھی کہاکہ صحافت پر قوم کی رہنمائی، ترقی کے لئے تعلیم کی اہمیت مسابقت کی دوڑ میں اپنے آپ کو ثابت کرنے کی اہمیت سے واقف کرانا وغیرہ بھی ایک اہم ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر اوصاف نے یہ بھی کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو مایوسی کے خول سے باہر آکر محنت کرنے اور مسابقت کی دوڑ کے لئے اپنے آپ کو تیار کرنا چاہئے۔ انھون نے کہا محنت کبھی رائیگاں نہین جاتی۔ یہاں آج جن صحافیون کو تہنیت پیش کی جارہی ہے انھوں نے اپنے اپنی لگن اور محنت سے یہ مقام پایا ہے۔

حیدرآباد کے ایک علمی و ادبی گھرانے کے چشم چراغ ڈاکٹر اوصاف سعید نے اپنے کچھ پروجکٹس جن پر ان دنوں وہ مصروف بکار ہیں سے بھی واقف کرایا۔ جس میں کچھ معلوماتی ویب سائٹس لانچ کرنا، ہندوستانی مجاہدین آزادی پر تحقیقی کتاب کی اشاعت وغیرہ شامل ہیں۔

ابتداء میں ڈائریکٹر میڈیا پلس و چیف ایڈیٹر گواہ ویکلی ڈاکٹر فاضل حسین پرویز نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انھون نے صحافیون کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ اور معاشی مشکلات سے دوچار رہتے ہوئے بھی عوامی مسائل، کرپشن، معاشرتی برائیوں، سماجی ناانصافیون وغیرہ پر اپنے خون جگر سے لکھی تحریروں سے ایوان اقتدار کی دیواروں کو ہلانے کی کوشش کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

ملک اور بیرون ملک صحافتی خدمات انجام دینے والے میر ایوب علی خاں نے میدان صحافت میں ابتداء سے اب تک اپنے تجربات، اچھے اور ناہموار راستوں کے طویل سفر کی کہانی بیان کرتے ہوئے قوم کے لئے تعلیم کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ ایوب علی خاں دو دہائیوں تک سعودی عرب کے معروف انگریزی روزنامہ “سعودی گزٹ” سے وابستہ رہے۔

عزیز احمد نے پرخار راستوں سے گزرکر کہکشاں کی منزل تک پہنچنے کے 50 سالہ طویل سفر کی مختصر مگر پراثر کہانی سنائی۔ انھون نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے حصہ کی ذمہ داری نتائج و ستائش کی تمنا کے بغیر پوری کرنی چاہئیے۔ اس کے ثمر ایک دن ضرور حاصل ہوتے ہیں۔

اس موقع پر ممتاز شخصیات جن میں ماہر معاشیات عامر اللہ خاں، ڈائرکٹر VRK ہاسپٹل خواجہ ناصر الدین اور ممتاز ادیب ڈاکٹر عابد معز شامل تھے نے بھی مخاطب کیا اور اپنے دیرینہ تجربات کا ذکر کرتے ہوئے میر ایوب علی خاں اور عزیر احمد کی صحافتی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

میڈیا پلس اور گواہ ویکلی کی جانب سے عزیز احمد اور میر ایوب علی خاں کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے ان کی شال پوشی کی اور یادگار مومنٹوز پیش کئے۔ قبل ازیں معروف شاعر طالب خوندمیری مرحوم کی صاحبزادی آفرین خوندمیری نے بڑے پراثر انداز میں اپنے والد کی معروف نظم “ٹائم کیپسول” پیش کی۔

اگزیکٹو ایڈیٹر گواہ ویکلی انجینئر سید خالد شہباز نے دلچسپ انداز میں میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد اس محفل کی نظامت کی جس میں مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز کے ہدیہ تشکر پر اس پروقار محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button