عمرہ ویزے کا حصول مزید آسان۔ٹراویل بکنگ کے لئے نئی “نسک عمرہ سروس” کا آغاز

کے این واصف
زائرین کے لئے خوشخبری۔ انفرادی طور پر عمرہ ویزا حاصل کرنے کو مزید آسان بنادیا گیاہے۔ سعودی وزارت حج نے عمرہ ویزے اور ٹریول بکنگ کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی “نسک عمرہ سروس” کا آغاز کیا ہے۔
بیرون مملکت مقیم زائرین کو عمرہ ویزے کےلیے براہ راست درخواست دینے اور کسی ایجنٹ کے بغیر آن لائن سروسز بک کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس اقدام کا مقصد خدمت کے معیار اور زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
’نسک عمرہ سروس‘ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کےلیے ایک نیا آپشن ہے جو منظور شدہ ایجنٹوں جیسے موجودہ چینلز کی تکمیل کرتا ہے۔یہ سروس زائرین کو انٹیگریٹڈ پیکیجز میں سے انتخاب کرکے یا انفرادی خدمات جیسے ویزا، رہائش، ٹرانسپورٹیشن اور ٹور کی بکنگ کرکے اپنے سفر کو اپنی مرضی کے مطابق بنانے کی اجازت دیتی ہے۔
اس سروس کا آغاز وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ زائرین کی میزبانی کرنا اور سفر کےلیے اعلی معیار کی اور آسان خدمات فراہم کرنا ہے۔