جنرل نیوز

ایوان احمد ملک پیٹ میں جشنِ آزادی و مشاعرہ”خوشی اور غم کے مواقع پر بھی فون کی مصروفیت افسوسناک” انور احمد

حیدرآباد، 22 اگست (راست) ایوان احمد ملک پیٹ میں جشنِ آزادی و قومی یکجہتی مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت جناب انور احمد، مینجنگ ڈائریکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ” اردو کی محفلوں سے نئی نسل کو جوڑنا وقت کا تقاضا ہے اور ہمیں اپنی روزمرہ گفتگو میں زیادہ سے زیادہ اردو الفاظ استعمال کرنے چاہئیں”۔

 

 

انہوں نے معاشرتی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”آج ہماری ملاقاتیں صرف خوشی اور غم کے مواقع تک محدود ہو گئی ہیں، مگر ان مواقع پر بھی ہم ایک دوسرے سے بات کرنے کے بجائے فون میں مصروف رہتے ہیں۔ شادی بیاہ ہو یا تعزیت کا موقع، ہمیں ایک دوسرے کے حالات معلوم کرنے اور دلجوئی کرنے کے بجائے چیٹنگ اور کالز میں وقت گزارنا معمول بن چکا ہے، جو نہایت غیر مناسب ہے۔”

 

 

تقریب کے مہمانِ خصوصی، جناب سراج انصاری (بانی قطر پریمیر لیگ) نے مجاہدینِ آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف فنون میں مہارت دلا کر خود کفیل بنانا ضروری ہے۔بانیِ تقریب پروفیسر محمد مسعود احمد، چیف آپریٹنگ آفیسر رینوا بی بی کینسر ہاسپٹل، نے بتایا کہ ایوان احمد ادبی و تہذیبی سرگرمیوں کے لیے وقف ہے جہاں مشاعرے اور محافلِ ادب کے ذریعے اردو ادب کی خدمت اور نئی نسل کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

 

 

تقریب میں معروف شخصیات، ممتاز این آر آئی جناب اعجاز احمد خان اور جناب ایم ایس ستار خان اور دیگر نے شرکت کی اور پروفیسر مسعود احمد کی خدمات کو سراہا۔ مشاعرے میں ڈاکٹر فاروق شکیل، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، سہیل عظیم، آرزو مہک اور دیگر شعرا نے اپنا کلام پیش کیا، جبکہ وحید پاشاہ قادری کے مزاحیہ اشعار اور پروفیسر مسعود احمد کے اشعار کو بے حد پسند کیا گیا۔

 

 

اس موقع پر شاعر جناب جہانگیر قیاس کی کتاب "واقعات کے مدفن” کی رسمِ اجرا بھی عمل میں آئی۔ ممتاز سنگر عدنان سالم نے اپنی نغمہ خوانی سے محفل کو محظوظ کیا۔ اختتام پر ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

________________________________________

متعلقہ خبریں

Back to top button