ٹی وی سیریل دیکھنے کے مسئلہ پر شوہر بیوی کا جھگڑا۔ خاتون نے بچہ کو ذہر پلا کر خود بھی پی لیا

محبوب آباد: ٹی وی سیریل دیکھنے کے مسئلہ پر شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ خاتون نے اپنے 8 سالہ بیٹے کے ساتھ زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی۔ یہ واقعہ جمعہ کو ضلع محبوبآباد کے بیاّرم منڈل کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جمعرات کی رات کھیت کا کام ختم کرکے گھر پہنچے کسان راجو نے بیوی کویتا سے کھانا دینے کو کہا۔ وہ اُس وقت خاتون ٹی وی پر سیریل دیکھ رہی تھی۔ اُس نے شوہر کو جواب دیا کہ سیریل ختم ہونے کے بعد کھانا دوں گی جس پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا۔ اسی معاملے پر جمعہ کی صبح پھر تنازعہ ہوا۔
بعد ازاں شوہر کھیت کی طرف چلا گیا تو دلبرداشتہ بیوی نے گھر میں رکھا زہریلا کیمیکل پی لیا اور اپنے بیٹے کو بھی پلایا۔ شور سن کر اہل خانہ اور مقامی افراد نے دونوں کو فوری محبوبآباد کے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ اطلاعات کے مطابق
خاتون کی حالت میں کچھ بہتری آئی ہے مگر بچے کی حالت تشویشناک ہے جسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کر کے علاج جاری ہے۔
اس معاملے پر ایس آئی تروپتی سے وضاحت طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ تاحال پولیس کو کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔