عمرہ زائرین متوجہ ہوں۔ طواف کے دوران تین ہدایات کی پابندی کریں۔ انتظامیہ

کے این واصف
عمرہ کی ادائیگی کا شرف حاصل ہونا ہر شخص کے لئے ایک نعمت ہے۔ اور اس کی قبولیت میں خشو و خضوع اہم ہے۔ اپنے ذہن و قلب و پوری رب کعبہ کی طرف متوجہ رکھنا قبولیت کا ضامن بنتا ہے۔ اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہر زائر اپنے شانہ بشانہ طواف کرنے والے کا خیال رکھے، کسی کے لئے خلل کا باعث نہ بنیں۔
اس سلسلہ میں وزارت حج وعمرہ نے مناسک کی ادائیگی میں آسانی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے زائرین کو طواف کے دوران ضروری آداب و ہدایات کی پابندی کی تاکید کی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے واضح کیا ہے کہ چند نمایاں خلاف ورزیاں جن سے اجتناب ضروری ہے، ان میں صحنِ طواف میں رک جانا شامل ہے۔
وزارت نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ مطاف میں رکنا طواف کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔ اسی طرح مخالف سمت میں چلنابھی طواف کی روانی کو متاثر کرتا ہے۔ جبکہ طواف کے راستے میں سامان اٹھا کر چلنا دوسروں کے لیے تنگی اور تکلیف کا باعث بنتا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ان ہدایات کی پابندی مناسک کی پرسکون ادائیگی کو آسان بنانے، زائرین کے تجربے کے معیار کو بلند کرنے اور حرم مکی شریف کے اندر اعلیٰ ترین درجے کے نظم و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جاری کی جاتی ہیں۔