ساجد معراج کو عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ہاتھوں ڈاکٹریٹ کی ڈگری

ساجد معراج کو عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے ہاتھوں ڈاکٹریٹ کی ڈگری
حیدرآباد۔28/اگست(ایم۔اے۔وحید): عثمانیہ یونیورسٹی نے ساجد معراج کو قانون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا۔ یونیورسٹی کے 84 ویں کانووکیشن میں ڈاکٹر ساجد معراج کو وائس چانسلر کمار مولگورام کے ہاتھوں قانون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کی گئی۔ انہوں نے اپنا تحقیقی مقالہ بعنوان
Indian Constitutional Development through Judicial Interpretation – A Critical Study
پیش کیا، جس پر انہیں ڈاکٹریٹ کی سند سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر ساجد معراج ایک سینئر صحافی، انٹرنیشنل سرٹیفائیڈ کیریئر کوچ اور معروف کیریئر کالم نگار ہیں۔ انہوں نے
Constitutional Status and Rights of Minorities
کے موضوع پر ایک کتاب انگریزی میں بھی تصنیف کی ہے۔ قانون کے مختلف موضوعات پر وہ کئی تحقیقی مضامین تحریر کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ اردو صحافیوں کی تنظیم ٹی یو ڈبلیو جے یو کے سرپرستِ اعلیٰ اور المعراج ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی بھی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈاکٹر ساجد معراج متحدہ ضلع عادل آباد سے قانون میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے پہلے مسلم اسکالر اور ضلع نرمل سے اس اعزاز کے حامل پہلے فرد ہیں۔
پی ایچ ڈی کی ڈگری سے سرفراز کئے جانے پر انہیں افراد خاندان، وکلاء برادری، اساتذہ، صحافی برادری، مختلف سماجی و علمی شخصیات،دوست احباب اور عثمانیہ یونیورسٹی کے عملے نے دلی مبارکبادی پیش کی ہے۔