ریاستی وزیر سیتا اکا، مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر کا کاماریڈی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

نظام آباد:28/اگست (نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس)ریاستی وزیرو انچارج متحدہ ضلع نظام آبادسیتااکا، حکومت تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر اور ظہیرآباد رکن پارلیمنٹ سریش شیٹکرکے ہمراہ آج کاماریڈی مستقر پربارش کے دوران سیلاب سے ہوئی تباہی و متاثرہ علاقوں جی آر کالونی، کاماریڈی کا دورہ کیا۔ ان قائدین نے بارش کے سبب سڑکوں کے کٹاؤ اور نشیبی دیہاتوں میں سیلاب کے خطرے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے بات کی
اور ان کے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے متاثرہ عوام میں غذائی پیاکٹس و پھل تقسیم کئے۔ اور کہاکہ سیلاب سے ہوئی تباہی و نقصانات کا جائزہ لیکر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علم میں تفصیلی طورپر رپورٹ پیش کریں گے اور فوری جنگی خطوط پر کاموں کو انجام دینے اور راحت کاری اقدامات کرنے کیلئے قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کہاکہ متاثرہ عوام کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے ہوئے ان کی قیام و طعام کا نظم کریں۔ کاماریڈی کی تاریخ میں سیلاب سے متاثر ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے جس میں کئی کالونیاں سیلابی پانی سے محصور ہوگئی عوام کو ناقابل بیان مشکلات کا
سامنا کرنا پڑا۔ اور مالی نقصانات بھی برداشت کرنے پڑے۔ اس سیلابی پانی میں دو افراد کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے عوام کو اگلے 48گھنٹوں تک محکمہ موسمیات کی جانب سے موسلادھار بارش ہونے کے پیش قیاسی کے مد نظر چوکس رہنے کی خواہش کی ہے۔اس موقع پر کاماریڈی کلکٹر و ایس پی کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداروں کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔