ناگپور سے کولکتہ جانے والے انڈیگو ایر لائنس کے طیارہ سے پرندہ ٹکرا گیا۔ 272 مسافرین بال بال بچ گئے

نئی دہلی: ناگپور ہوائی اڈے سے کولکتہ کے لیے اُڑان بھرنے والا انڈیگو ایئر لائنس کا ایک طیارہ منگل کو ایک بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔ اڑان بھرنے کے کچھ ہی منٹوں بعد طیارہ سے ایک پرندہ ٹکرا گیا جس سے طیارہ کے
آگے کے حصے کو نقصان پہنچا۔ پائلٹ کی بروقت چوکسی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ فلائٹ میں سوار سبھی 272 مسافر پوری طرح محفوظ ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق پرندہ سے ٹکرانے کے بعد طیارہ لڑکھڑانے لگا۔ اس سے لوگوں میں ہنگامہ مچ گیا۔ سبھی لوگ بُری طرح گھبرا گئے اور دہشت میں آ گئے۔ اس دوران لوگوں سے پُرسکون رہنے کی اپیل کی گئی۔ پائلٹ نے اپنی سوجھ
بوجھ کا استعمال کرتے ہوئے فوراً طیارے کی ناگپور ہوائی اڈے پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ۔ اس کے بعد مسافروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا گیا۔
فلائٹ کے اندر موجود کچھ مسافروں نے بتایا کہ اڑان کے دوران زوردار جھٹکا محسوس ہوا۔ حالانکہ پائلٹ نے حالت کو قابو میں کرتے ہوئے کسی بھی طرح کی افرا تفری نہیں مچنے دی۔ مسافروں کے تحفظ کو دیکھتے ہوئے فلائٹ کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔



