جنرل نیوز

جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کی جانب سے سیرت النبیﷺ عکس قرآن ‘کے موضوع پر12 ربیع الاول کو ’ سیرت ایکسپو2025‘ کا اہتمام

 

’سیرت النبیﷺ عکس قرآن ‘کے موضوع پر12 ربیع الاول کو ’ سیرت ایکسپو2025‘ کا اہتمام

اسوہ حسنہ کے مختلف پہلووں کوچارٹس اور ماڈلس کے ذریعہ اجاگر کیا جائے گا ۔ اہل خانہ کے ساتھ مشاہدہ کرنے کی اپیل

 

 

حیدرآباد، 3؍ ستمبر : جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے عامتہ الناس بالخصوص مسلم طلبہ و نوجوانوں کی وابستگی کو مضبوط کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو تعمیری رخ دینے کی غرض سے متواتر چٹھے سال ’’سیرت ایکسپو‘‘ کا انعقاد عمل میں لارہی ہے۔ یہ ایکسپو ’’سیرت النبیﷺ عکس قرآن ‘‘ کے مرکزی موضوع پر جمعہ ، 5؍ ستمبر کو گرینڈ امپیرئیل فنکشن پیلیس پر صبح 9:30 تا 6:30 بجے شام منعقد ہوگی۔ افتتاحی تقریب میں بحثیت مہمانان خصوصی جناب محمد اظہر الدین ، امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند تلنگانہ،جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ ، ایم ایل اے ملک پیٹ اورڈاکٹر محمد مبشر احمد ، ناظم شہر، جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد شرکت کریں گے۔ جناب محمد مجیب الاعلیٰ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، ملک پیٹ نے یہاں دارالمطالعہ اسلامی ، سعیدآباد میں منعقدہ ایک پریس میٹ میں یہ تفصیلات فراہم کیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایکسپو کی تیاری پچھلے ایک ماہ سے جاری ہے۔ اس دوران جماعت کے ارکان و کارکنان نے 32 اسکولوں کے انتظامیہ سے ربط پیدا کرتے ہوئے تین زمروں کے تحت پہلی تا دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے سیرت کوئز، مضمون نویسی اور کلرنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں 6 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا اور الگ الگ زمروں سے 600 طلبہ کو ایکسپو کے دن انعام اول اور انعام دوم سے نوازا جائے گا۔ نیز جیتنے والے طلبہ کے علاوہ مسابقہ میں حصہ لینے والے سبھی طلبہ کو شرکت کا صداقت نامہ دیا جائے گا۔امیر مقامی ملک پیٹ نے ایکسپو کے تھیم ’’سیرت النبیؐ۔ عکس قرآن‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے بتا یا کہ اللہ نے قرآن میں جو کچھ نازل فرمایا ہے ،اللہ کے رسول ﷺ نے اس کی عملی تفسیر پیش کی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قرآن محض کوئی نظریاتی کتاب نہیں ہے بلکہ ایک قابل عمل ضابطہ حیات ہے اور حضوﷺ کی زندگی انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ جناب سید محمد عبدالقادر ناصر کنوینر سیرت ایکسپو 2025 نے نمائش کے انتظامات کی تفصیل پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ افتتاحی پروگرام کے علاوہ بچوں کا دینی تعلیمی و ثقافتی مظاہرہ ، دستاویزی فلم کی نمائش،برسرموقع کوئز و انعامات،بک اسٹال اور فوڈ کورٹ بھی اس نمائش کی خصوصیت ہوں گے۔جناب سید عبدالقادر ناصر نے عامتہ الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 5 ستمبر کو صبح 9:30 سے 30 :6 بجے شام تک کسی بھی وقت نمائش کا مشاہدہ کرنے کے لیے کچھ وقت ضرور فارغ کریں ۔ انہوں نےیہ اعلان بھی کیا کہ ایکسپو کے دن حیات طیبہؐ کے موضوع پر بک اسٹال سے خریدی جانے والی تمام کتابوں پر 50 فیصد کی رعایت حاصل رہے گی۔ ۔پریس میٹ میں جناب جنیدالرحمان قادری سکریٹری تنظیم ، جناب سید منظور احمد ناظم ڈویژن سعیدآباد اور میڈیا انچارج و ناظم ڈویژن جماعت اسلامی ہند، اعظم پورہ حافظ جنید حفیظ اور دیگر موجود تھے۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button