جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ کا انتخابی اجلاس مولانا حافظ عبد القوی حسامی دوبارہ صدر ضلع جمعیتہ منتخب

جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ کا انتخابی اجلاس
مولانا حافظ عبد القوی حسامی دوبارہ صدر ضلع جمعیتہ منتخب
مکتھل: 11 ستمبر (اردو لیکس) جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ کے ترجمان کی اطلاع کے بموجب، جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ کا ایک انتخابی اجلاس آج بتاریخ 11 ستمبر بروز جمعرات ساڑھے دس بجے دن جامع مسجد مکتھل میں منعقد ہوا جسمیں نگران کار اور ریاستی مبصر کی حیثیت سے مولانا حافظ عبد الوارث قاسمی رکن عاملہ جمعیتہ علماء تلنگانہ نے شرکت کی،
اجلاس کا آغاز مولانا حافظ مفتی اشرف علی اشرفی امام جامع مسجد کی قرات کلام سے ہوا جبکہ بارگاہ خیرالانام میں حافظ محمد سلیم فیضی نے ہدیہ نعت پیش کیا، اس اجلاس کو مولانا حافظ محمد نصیرالدین صاحب رشادی صدر جمعیتہ علماء مکتھل منڈل، اور مولانا حافظ عبد القوی حسامی صدر ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹھ نے مخاطب کیا اور جمعیتہ کے اغراض ومقاصد اور پچھلی میعاد کی کارکردگی اور منڈلس میں تشکیل دی گئی
جمعیتہ یونٹس کے علاوہ ملک میں مسلمانوں اور ملت اسلامیہ کو درپیش چیلینجیس اور حالات پر سیر حاصل روشنی ڈالی، اس اجلاس کی کارروائی ونظامت کے فرائض مولانا حافظ عبد الحمید رشادی جنرل سیکریٹری جمعیتہ علما ضلع نارائن پیٹ نے کی اور تمام مہمانان کرام کا استقبال کرتے ہوئے اجلاس کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی،
اس اجلاس میں تمام شرکاء کے اتفاق رائے کے ساتھ بلا مقابلہ اگلی میعاد کیلئے مولانا حافظ عبد القوی حسامی کو دوبارہ صدر ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹ، اور مولانا حافظ عبد الحمید رشادی کو جنرل سیکریٹری ضلع جمعیتہ علماء نارائن پیٹ منتخب کیا گیا، جبکہ نگران ومبصر مولانا حافظ عبد الوارث قاسمی نے انتخاب کے طریقہ کار ونوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ملت اسلامیہ کو جمعیتہ علماء سے وابستہ ہونے اور ملک کے موجودہ حالات میں جمعیتہ علماء کی دینی علمی وتعلیمی اور ملی خدمات کو قوم وملت کے لئے ایک بڑا اثاثہ قرار دیا،
اس اجلاس میں مکتھل منڈل کے علاوہ نارائن پیٹھ، مدور، دامرگدہ، گنڈمال، کوسگی، کرشنا، مریکل، نروا ودیگر منڈلس کے جمعیتہ کے ذمہ داران، علماء کرام، حفاظ عظام وسماجی قائدین اور مکتھل ٹاون کے معززین کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی، اجلاس کے مہمان خصوصی مولانا حافظ عبد الوارث قاسمی کی دعا پر اس اجلاس کا اختتام عمل میں آیا،
تمام شرکاء وحاضرین کیلئے ظہرانہ کا نظم کیا گیا تھا،نیز شرکاء اجلاس نے جمعیتہ کے کام وکاز سے متعلق اپنے غیر معمولی خوشی، جذبات واحساسات کا اظہار کیا، اللہ عزوجل جمعیتہ اور اس کے خادمین کو خلوص وللہیت کے ساتھ قوم وملت کی بے لوث خدمات کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔