بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ شرما نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی

ممبئی: ’راگنی ایم ایم ایس۔ ریٹرنز‘ اور ’پیار کا پنچ نامہ 2‘ جیسی فلموں میں جلوہ دکھانے والی اداکارہ کرشمہ شرما اس وقت سرخیوں میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک چلتی ہوئی ٹرین سے گھبراہٹ میں چھلانگ لگا بیٹھیں اور زخمی ہو گئیں۔
اس وقت وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں جس کا انکشاف انہوں نے اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔کرشمہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ انہوں نے ایسا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے لکھا’’کل ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے ساڑی پہن کر روانہ ہوئی۔
جیسے ہی میں ممبئی لوکل ٹرین میں سوار ہوئی وہ تیزی سے چلنے لگی۔ میرے دوست اس میں سوار نہ ہو سکے۔ جب مجھے احساس ہوا کہ میرے دوست ٹرین میں نہیں سوار ہوسکے تو گھبراہٹ اور خوف میں آ کر میں نیچے کود پڑی۔ بدقسمتی سے میں پیچھے کی طرف گری اور میری کمر اور سر پر چوٹیں آئیں۔‘‘
کرشمہ نے بتایا کہ اُن کے جسم پر کئی معمولی زخم آئے ہیں۔ سر پر چوٹ لگنے کے بعد ڈاکٹروں نے اُن کا ایم آر آئی کیا اور ایک دن کے لیے نگرانی میں رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حوصلے میں ہیں اور جلد صحت یاب ہونے کے
لیے سب کی دعاؤں اور محبت کی ضرورت ہے۔جب حادثہ ہوا تو اُن کی ایک دوست نے بتایا کہ وہ کرشمہ کو اس حال میں دیکھ کر حیران رہ گئی تھیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا’’مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ ٹرین سے گر گئی ہیں۔ جب ہم
پہنچے تو وہ ہوش میں نہیں تھیں۔ ہم نے فوراً اسپتال منتقل کیا۔‘‘کرشمہ نے کئی فلموں، ٹی وی سیریلس اور ریالٹی شوس میں بھی کام کیا ہے۔ وہ ’کامیڈی سرکس‘ اور ’دی کپل شرما شو‘ میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔