ایسوسی ایشن آف میناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے پراثر ٹیچرز ڈے تقریب کا انعقاد

Lحیدرآباد، 16 ستمبر 2025 (پریس ریلیز):ایسوسی ایشن آف میناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (ایمی) کے زیر اہتمام یوم اساتذہ (ٹیچرز ڈے) کی ایک شاندار اور پراثر تقریب بھاسکرا آڈیٹوریم، برلا سائنس سنٹر، حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں صرف حیدرآباد ہی نہیں بلکہ بودھن، نرمل اور بھینسہ سے بھی اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت جناب انور احمد صاحب، صدر ایمی نے کی۔ انہوں نے "حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بحیثیت معلم” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ کی طرح تمام انبیاء کرام بھی دنیا میں معلم بن کر آے تھے۔مہمانِ خصوصی پروفیسر محمود صدیقی، مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی نے”ٹیچنگ بیانڈ دا گریڈس "کے عنوان پر نہایت اہم خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو محض گریڈز تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں زندگی، دنیا اور آخرت کے تقاضوں کے لیے تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا مقصد صرف علم حاصل کرنا نہیں بلکہ علم کو عملی زندگی میں بروئے کار لانا ہے۔ انہوں نے مختلف مثالوں کے ذریعے اساتذہ کو دلچسپ اور مؤثر انداز میں یہ پیغام دیا۔
تقریب کا آغاز جناب ایمی فاروق، نائب صدر کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔ ڈاکٹر محمد ساجد علی، معتمد ایمی نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ "کیا پڑھانا ہے” سے زیادہ "کیسے پڑھانا ہے” پر توجہ دیں تاکہ تعلیم بامقصد اور بامعنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تدریس ہی وہ بنیاد ہے جس پر ایک پائیدار معاشرہ تعمیر ہوتا ہے.اس موقع پر محترمہ گلزار کرشمہ، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ نے اپنی نجی زندگی کی جدوجہد اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے خصوصاً خواتین اساتذہ کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ نہ صرف خود محنتی ہوں بلکہ اپنے طلبہ کو بھی محنت اور لگن سے بہتر مستقبل کے لیے تیار کریں۔
تقریب کی نمایاں خصوصیت 42 اسکولوں سے منتخب کردہ 84 اساتذہ کو "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” سے نوازنا رہا۔ ان اساتذہ کو ان کی بہترین کارکردگی اور معیارِ تعلیم بلند کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزازات پیش کیے گئے۔ شاندار انداز میں تیار کردہ ان ایوارڈز کو حاضرین نے خوب سراہا۔انتظامات کو احسن انداز میں انجام دینے پر ڈاکٹر محمد انور، سیکریٹری و خازن ایمی کی خدمات کو بھی بھرپور ستائش حاصل ہوئی۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد شجاعت علی کی قرآت کلام پاک سے ہوا جبکہ اختتام نائب صدر ایمی و کنوینر اجلاس جناب وقار احمد کے شکریہ پر ہوا۔
اس تقریب کا اس طرح اہتمام کیا گیا کہ یہ نہ صرف ایوارڈز کی تقسیم تک محدود رہے بلکہ اساتذہ کو بہتر تدریسی انداز اور نئی راہوں کی رہنمائی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بنے۔



