“السعودیہ” ایئرلائنز کا “تمارا” سے معاہدہ، اب مسافروں کے لئے نئی سہولت

کے این واصف
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی “السعودیہ” نے ٹکٹوں کی خریداری کے لیے معروف سعودی مالیاتی کمپنی “تمارا” کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت قسطوں پر ایئر ٹکٹ خریدا جا سکے گا۔عاجل نیوز کے مطابق ریاض میں ہونے والی “مڈل ایسٹ منی 20/20” کانفرنس میں السعودیہ اور تمارا کمپنی کے درمیان معاہدے پردستخط کیے گئے۔
طے پائے جانے والے معاہدے کے مطابق السعودیہ ایئر کے ٹکٹوں کی خریداری پر 24 ماہ کی آسان اقساط میں ادائیگی کی جا سکے گی۔قساط پر ٹکٹ خریدنے کی سہولت ایئرلائن کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر بھی فراہم کردی جائے گی علاوہ ازیں تمارا پر بھی ایئرلائن کے ٹکٹوں کی اقساط میں خریداری کے آپشن کا اضافہ کردیا جائے گا۔
السعودیہ گروپ کے مالیاتی شعبے کے معاون ڈائریکٹر فیصل صباغ کا کہنا ہے کہ گروپ کی جانب سے ہمیشہ اپنے صارفین کی سہولت کے لیے جدید آپشنز فراہم کیے جاتے ہیں اس ضمن میں تمارا کمپنی کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ بھی مثالی تجربہ ثابت ہوگا ۔دوسری جانب تمارا کمپنی کے سی ای او راکان الرویس کا کہنا تھا کہ السعودیہ ایئر کے ساتھ اشتراک عمل سے صارفین کو بھی سہولت ہو گی، ہماری یہی کوشش ہوتی ہے کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جائیں۔
تمارا کمپنی کی جانب سے منظور شدہ اسکیم “ابھی خریدیں ادائیگی بعد میں کریں” کے عنوان سے السعودیہ کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں ضم کردیا جائے گا جس کا مقصد ادائیگی کے مرحلے کو آسان بنانا ہے۔