میسکو گریڈ‘آل انڈیا روبوٹیکس چمپئن، انٹرنیشنل مقابلے کے کوالیفائی۔ پرانے شہر کے اسکول کے کارنامے پر ایس اے ھدی اور ایوب علی خان کی مبارکباد

حیدرآباد۔20/ستمبر۔ جناب ایس اے ھدیٰ آئی پی ایس، ڈی جی پی ریٹائرڈ نے طلبہ اور طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے مقصد حیات کے تکمیل تک جدوجہد کریں۔ مسائل، مشکلات کا مقابلہ کریں اور ان پر قابو پاکر منزل تک پہنچنے کی جستجو کریں۔ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ جناب ایس اے ھدیٰ 20 /ستمبر کو میسکو گریڈ ملک پیٹ میں ایک تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے جو آل انڈیا روبوٹیکس چمپئن شپ جیتنے والی میسکو کی ٹیم
کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔مہمان خصوصی سینئر صحافی جناب میر ایوب علی خان، جناب محمد شاداب (طاؤس فاؤنڈیشن)، مرزا شعیب بیگ شہ نشین پر موجود تھے۔ ڈاکٹر افتخار الدین سکریٹری میسکو نے صدارت کی۔ جناب ھدیٰ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ میسکو کے طلبہ کی ٹیم نے نہ صرف آل انڈیا چمپئن شپ جیتی بلکہ سنگا پور میں منعقد ہونے والی ورلڈ روبوٹیکس چمپئن شپ کے لئے بھی کوالیفائی ہو گئی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ میسکو کی ٹیم سنگا پور سے بھی کامیاب و کامران واپس ہوں گے۔جناب میر ایوب علی خان نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقے کے ایک اسکول نے
کل ہند سطح پر یہ اعزاز حاصل کیا۔ حالانکہ پرانے شہر کے نام کے ساتھ تعلیمی پسماندگی کا تصور ابھرتا ہے۔ میسکو گریڈ ملک پیٹ نے نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہندوستان کے کئی مشہور و معروف کارپوریٹ اسکولس کے مقابلے میں اپنے آپ کو منوایا اور حیدرآباد کا نام روشن کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سنگا پور میں منعقد ہونے والی ورلڈ روبوٹکس چمپئن شپ میں میسکو کی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے اسپانسرس آگے آئیں گے۔انہوں نے اس سلسلے میں سکریٹری ڈاکٹر افتخار الدین کو مشورہ دیا کہ وہ میسکو کی ٹیم کی سنگا پور مقابلوں میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے وسائل تلاش کریں۔ انہوں نے چار رکنی فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کے کامیاب مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب ڈاکٹرافتخار الدین نے فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کے کارنامے کو
قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے اس بات کا تیقن دیا کہ ورلڈ روبوٹیک چمپئن شپ میں میسکو کی ٹیم کو روانہ کرنے کے لئے اسپانسرس سے ربط پیدا کیا جائے گا۔ جناب محمد شاداب اور مرزا شعیب بیگ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں حذیفہ محی الدین نے روبوٹیکس سے متعلق پاور پوائنٹ پر معلومات آفریں مواد پیش کیا۔ حذیفہ محی الدین میسکو کے سابق طالبعلم ہیں اور اس وقت انٹرمیڈیٹ زیر تعلیم ہیں اور انہوں نے میسکو کی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ آل انڈیا روبوٹیکس چمپئن شپ جیتنے والی ٹیم زید الدین، فردوس فاطمہ، نادیہ فاطمہ، زینب فاطمہ اور زینب پر مشتمل ہے۔ جنہوں نے
چمپئن شپ کے لئے اپنی تیاریوں، منیجمنٹ کے تعاون، اور کامیابی کے خوشگوار تجربات سے متعلق اپنے تاثرات بیان کئے۔ اس موقع پر انہیں مومنٹوز پیش کئے گئے۔