صرف بتکماں کی مبارکباد دینا خواتین کی عزت افزائی نہیں – کے کویتا

صرف بتکماں کی مبارکباد دینا خواتین کی عزت افزائی نہیں
حقوق اوروعدوں کے مطابق سہولتوں کی فراہمی ناگزیر
ماہانہ 2500روپئے مالی امداد فی الفور فراہم کی جائے
دفتر تلنگانہ جاگروتی میں بتکماں تقریب ‘کے کویتا کا خطاب
حیدرآباد: صدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے دفتر تلنگانہ جاگروتی میں خاتون قائدین اورخواتین کے ساتھ بتکماں تقریب میں حصہ لیا۔پھولوں سے بتکماں سجایاگیااور اس تہذیبی وثقافتی تہوار کو نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے کویتا نے کہاکہ بتکماں تہوار تلنگانہ کی تہذیب وثقافت کی حقیقی عکاسی کرتاہے۔دنیا کے کسی بھی کونے میں ایسا تہوار نہیں ملتا۔انہوں نے کانگریس حکومت پر تنقید کی اور کہاکہ گزشتہ میں وعدہ کیاگیاتھاکہ بتکماں کے موقع پر خواتین کو دودو ساڑیاں فراہم کی جائیں گی لیکن اس وعدے کو پورا نہیں کیاگیا۔کویتا نے کہاکہ صرف بتکماں کی مبارکباد دینا خواتین کی عزت افزائی نہیں ہے۔خواتین کو ان کے حقوق فراہم کئے جانے چاہئیں اور خواتین سے کئے گئے وعدوں کے مطابق سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔صدرتلنگانہ جاگروتی نے حکومت سے پرزورمطالبہ کیاکہ وہ خواتین کو ماہانہ 2500روپئے مالی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔18سال عمر کی تکمیل کرنے والی لڑکیوں کو اسکوٹیز فراہم کی جائیں۔بتکماں کے موقع پر تقسیم کی جانے والی ساڑیوں کو بتکماں ساڑیاں یاتلنگانہ خواتین کی ساڑیاں ہی کہاجاناچاہئے۔اگر ان ساڑیوں کو اندرماساڑیوں کا نام دیاگیاتو یہ کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ صدیوں سے خواتین ہر حال میں اس تہوار کو مناتی آئی ہیں۔یہاں تک کہ حال ہی میں گاجولا رامارم میں حکومت نے غریبوں کے مکانات کو مسمار کردیا تب بھی خواتین نے بطور احتجاج وہیں بتکماں کھیلا۔کویتا نے کہاکہ مشکلات چاہیں کتنی ہی ہوں ۔خواتین کو چاہئے کہ وہ اس تہوار کی روایت کو زندہ رکھیں۔انہوں نے کہاکہ جاگروتی کی جانب سے تاحال 110بتکماں گیت جاری کئے جاچکے ہیں اور مستقبل میں بھی اس تہوار کوزندہ رکھنے کےلئے متواتر مساعی جاری رہے گی۔بتکماں کے موقع پر تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے تیار کردہ بتکماں گیت 2025کو، کے- کویتا نے لانچ کیا۔اس گیت کو مشہور گلوکارہ منگلی نے آواز دی ہے۔شاعر ایم تروپتی نے گیت تحریر کیاہے جبکہ موسیقی ایس کے مدن کی ہے۔اس موقع پر ایم تروپتی ‘نوین اچاری اوردیگر مہمانان خصوصی شریک تھے۔