مبارکباد

محمد مصطفی ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز آصف نگر منڈل کی نگرانی میں منڈل سطح پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ تقریب

محمد مصطفی ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز آصف نگر منڈل کی شاندار نگرانی میں منڈل سطح پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ فنکشن۔۔۔۔

 

محترمہ نازنین رفعت، جو گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول، پنی پورہ میں بحیثیت SGT سیکنڈری گریڈ ٹیچر خدمات انجام دے رہی ہیں، ایک نہایت شریف اور تعلیم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ آپ کے والدِ محترم مرحوم جناب محمد سراج الدین صاحب ( ریٹائر ریلوے ڈپارٹمنٹ) اور آپ کے شوہر جناب سلطان طارق عبداللہ صاحب (ایڈوکیٹ ہائی کورٹ) انہی کی تربیت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ آج محترمہ نازنین رفعت کو تدریس کے میدان میں نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔

 

حکومتِ تلنگانہ کے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اور خاص طور پر جناب محمد مصطفی ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز آصف نگر منڈل کی نگرانی اور بہترین انتظامات کے ساتھ، منڈل سطح پر "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ ڈسٹری بیوشن سیریمنی” 20 ستمبر 2025 کو ہولی میری ہائی اسکول، مائصاب ٹینک حیدرآباد میں نہایت شایانِ شان طریقے سے منعقد ہوئی۔ جناب محمد مصطفی صاحب کی تنظیمی صلاحیت، خوش اخلاقی اور پروگرام کی اعلیٰ ترتیب نے اس تقریب کو یادگار بنا دیا۔

 

اس پر وقار موقع پر آصف نگر منڈل سے محترمہ نازنین رفعت کو ان کی شاندار تعلیمی خدمات پر "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” سے نوازا گیا۔

 

محترمہ نازنین رفعت کی تدریسی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ بچوں سے بے پناہ محبت، تعلیم سے گہری دلچسپی، طلبہ کی حوصلہ افزائی، مسلسل محنت اور بہترین نتائج آپ کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ طلبہ کو پابندی کے ساتھ اسکول لانا، شوق سے پڑھانا اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہمیشہ آپ کے تدریسی عمل کا حصہ رہا ہے۔ انہی خوبیوں کی بنیاد پر آپ کو یہ اعزاز عطا کیا گیا۔

 

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ محترمہ نازنین رفعت نے کبھی ایوارڈز کو اپنی ترجیح نہیں بنایا۔ آپ اکثر کہا کرتی ہیں: "میرے لیے سب سے بڑا ایوارڈ یہی ہے کہ میں اپنی ڈیوٹی دیانت داری کے ساتھ انجام دوں اور طلبہ کو بہترین تعلیم فراہم کروں۔” تاہم ساتھی اساتذہ اور ہیڈ ماسٹر جناب محمد عبد العلیم کے اصرار پر آپ نے اس اعزاز کو قبول فرمایا۔

 

آپ نہ صرف ایک محنتی اور ملنسار معلمہ ہیں بلکہ والدین و طلبہ کے ساتھ آپ کے بہترین تعلقات بھی آپ کی کامیابی کا راز ہیں۔ تقریباً 28 سالہ تدریسی خدمات میں آپ نے بے شمار طلبہ کو تعلیم کی روشنی عطا کی ہے۔ آج آپ کے شاگرد زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی اور عزت کے ساتھ نمایاں مقام رکھتے ہیں، جو آپ کی محنت کا واضح ثبوت ہے۔

 

بلاشبہ، محترمہ نازنین رفعت اس ایوارڈ کی حقیقی معنوں میں مستحق ہیں۔ ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور یہ تقریب ہمیشہ ایک خوبصورت یاد کے طور پر تاریخ میں محفوظ رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button