انسانی حقوق کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری۔ اے پی سی آر کریم نگر چیپٹر کا افتتاح

کریم نگر:23 ستمبر/انسانی حقوق کی پاسداری ہر شہری، بالخصوص وکلاء، صحافیوں اور سماجی جہدکاروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ملک کے آئین کا تحفظ اور ریاست تلنگانہ میں انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے اے پی سی آر نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔
بروز اتوار پیکاک کانفرنس ہال، کریم نگر میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بار اسوسی ایشن تلنگانہ ہائی کورٹ کے سابق صدر اور شہری حقوق کے رول ماڈل ایڈوکیٹ رگھونات نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں شہری حقوق کی پامالی کے واقعات لمحۂ فکریہ ہیں۔ انہوں نے ضلع جگتیال کے ویلگٹور منڈل میں دلت نوجوان ملیش کے ساتھ پیش آئے واقعہ کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "کیا دلت نوجوان کسی بھی طبقے کی لڑکی
سے شادی نہیں کر سکتا؟” یہ سوال ضلع انتظامیہ، پولیس اور ریاستی حکومت کے کردار پر بڑا نشان ہے۔ ریاستی سیکرٹری ملی امور جماعت اسلامی اور کنوینر اے پی سی آر ڈاکٹر شیخ عثمان نے کہا کہ اے پی سی آر کا مقصد مظلوموں کو قانونی تحفظ فراہم کرنا اور آئینی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عثمان کوآرڈینیٹر نے تنظیم کی کارکردگی پیش کی جبکہ ایڈوکیٹ مسعود سہیب احمد نے فیکٹ فائنڈنگ ٹیم اور وکلاء کی
سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی میں ایڈوکیٹ محمد جمیل، مفتی یونس القاسمی، ایڈوکیٹ نشانی رام چندرم، ایڈوکیٹ گنیش، ایڈوکیٹ مشتاق علی (لکش فاؤنڈیشن) اور ڈاکٹر محمد فصیح الدین شامل تھے جنہوں نے اے پی سی آر کریم نگر چیپٹر کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ محمد مجیب ایوب کوآرڈینیٹر کریم نگر نے اپنے
خطاب میں انسانی حقوق کی پاسداری اور اسی کی آگاہی پر زور دیا۔ خواجہ عالم الدین کو کوآرڈینیٹر کریم نگر چاپٹر نے اپنے اختتامی کلیمات میں حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اڈوکیٹ ادیبہ رحمان نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔