بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا وقت آچکاہے

بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا وقت آچکاہے
سابق نائب وزیر اعظم دیوی لال کی یوم پیدائش تقریب‘صدرتلنگانہ جاگروتی کے کویتا کا خطاب
ہریانہ میں منعقدہ سابق نائب وزیر اعظم چودھری دیوی لال کی 112ویں یوم پیدائش تقریب میں صدرتلنگانہ جاگروتی وسابق رکن پارلیمان نظام آباد کلواکنٹلہ کویتا نے شرکت کی اور دیوی لال کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر کویتا نے اس یادگار تقریب میں مدعو کئے جانے پر ممنونیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ آج یہ یوم پیدائش تقریب اس بات کا احساس دلارہی ہے کہ تمام کارکنان اور عوام مل کریہ عہد کررہے ہیں کہ وہ بھائی ابھے سنگھ چوٹالہ کو آنے والے دنوں میں وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔ کویتا نے کہاکہ جب ہم تلنگانہ سے ہریانہ کے بارے میں سوچتے ہیں تو سب سے پہلے دیوی لال جی کی یاد آتی ہے۔ وہ صرف شمالی ہند ہی نہیں بلکہ جنوبی ہند کی ریاستوں کے کسانوں کے محبوب رہنما رہے ہیں۔انہوں نے کسانوں کےلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔ آج بھی جنوبی ہند میں ان کی کسان دوست پالیسیوں کا ذکر بڑے فخر کے ساتھ کیاجاتاہے۔ صدرتلنگانہ جاگروتی نے کہاکہ دیوی لال جی کی خصوصیت یہ رہی کہ وہ عام کارکن سے لے کر بڑے لیڈروں تک سب سے بڑی خوش اسلوبی سے پیش آتے اور بات کرتے تھے۔ اگرچہ وہ آج ہمارے درمیان میں نہیں ہیں لیکن ملک میں کسانوں کی حالت زار کو دیکھ کر ان کی آتما ضرور تڑپتی ہوگی۔ آج ملک اور ریاست ہریانہ میں کسان مخالف حکومتیں ہیں جو مخالف کسان فیصلے لے رہی ہیں۔کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کیاجارہاہے۔کسانوں ‘غریبوں اور خواتین کو برسوں تک جیلوں میںڈالاگیا۔اب بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا وقت آچکا ہے۔کویتا نے کہاکہ ہریانہ حکومت نے کسانوں کو دی جانے والی زرعی برقی سہولت پر 35فیصد چارجس میں اضافہ کردیاہے جوکہ کسانوں کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے۔انہوں نے ابھے چوٹالہ سے اپیل کی کہ وہ وعدہ کریں کہ اگر وہ وزیر اعلیٰ بنتے ہیں تو ریاست کے تمام کسانوں کو زرعی اغراض کےلئے مفت برقی سربراہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت میں تلنگانہ میں کسانوں کو مفت برقی سربراہ کی گئی تھی ۔جس کے بہت زیادہ فوائد حاصل ہوئے۔کویتا نے کہاکہ آج ہریانہ کے کسان مشکلات میں ہیں۔ ہم جب او بی سی طبقات کے حقوق کےلئے جدوجہد کررہے تھے تو ارجن سنگھ خود تلنگانہ آئے اور ہمارا ساتھ دیا۔میں اس موقع پراوم پرکاش چوٹالہ کو بھی یاد کرتی ہوں جن کے الفاظ دلوں کو چھو لیتے ہیں۔یہ وہ خوبی ہے جسے ہم کو سیکھناچاہئے۔کویتا نے کہاکہ ابھے سنگھ چوٹالہ کی قیادت میں انڈین نیشنل لوک دل ”آئی این ایل ڈی“ کے ریاست میں اقتدار پر فائز ہونے کا وقت قریب آچکاہے اور اس خصو ص میں عوام میں زبردست جوش وخروش پایاجاتاہے۔