اعظم گڑھ میں معصوم شازب عالم کا بہیمانہ قتل، پوسٹ مارٹم کے بعد رات گئے سپردِ خاک – عوام کا احتجاج ، ملزمین کا انکاؤنٹر کرنے اور گھر پر بلڈوزر چلانے کا مطالبہ

اعظم گڑھ میں معصوم شازب عالم کا بہیمانہ قتل، پوسٹ مارٹم کے بعد رات گئے سپردِ خاک – عوام کا غصہ، پولیس نے ڈرون سے کی نگرانی
اتر پردیش کے اعظم گڑھ ضلع کے سدھاری پولیس اسٹیشن میں 7 سالہ معصوم شازب عالم کے قتل نے سنسنی پھیلا دی۔ چہاث کی شام 6 بجے سے لاپتہ بچہ جمعرات کی صبح تقریباً 10 بجے ملزم کے گھر کے پاس ایک درخت اور برقی کے تاروں پر لٹکے ہوئے تھیلہ میں مردہ حالت میں برآمد ہوا۔ تھیلہ پھنس جانے کے بعد معاملے کا انکشاف ہوا۔ یہ منظر دیکھ کر گھر والوں اور مقامی لوگ مشتعل ہو گئے اور پولیس و انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔
پولیس کے مطابق ملزمین شیلندر کمار نگم عرف منٹو اور اس کا بھائی بچے کو میلے سے جھولا جھلانے کے بہانے لے گئے تھے۔ بعد میں اسے اپنے گھر لاکر تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا اور نعش کو تھیلہ میں بھر کر پڑوسی ناصر کو پھنسانے کی نیت سے اس کے گھر پھینکنے کی کوشش کی۔ تاہم نعش برقی کے کٹیلی تاروں پر اٹک گئی۔
پوسٹ مارٹم کے بعد جمعرات کی رات 11 بجے سے تدفین کا عمل شروع ہوا جو رات 12 بجے تک جاری رہا۔ اس دوران بڑی تعداد میں لوگ جمع رہے۔ حالات قابو میں رکھنے کے لیے ایک درجن سے زیادہ تھانوں کی فورس موقع پر موجود رہی اور علاقے کی نگرانی کے لیے ڈرون بھی استعمال کیے گئے۔
گھر والوں اور خواتین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملزمین کے گھر پر بلڈوزر چلایا جائے اور ان کا فوری انکاؤنٹر کیا جائے۔ اس دوران ایس پی رورل چراغ جین اور ایس پی سٹی مدھوبن کمار سنگھ نے گھر والوں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ ماننے کو تیار نہ تھے۔
بعد ازاں جب پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمین کو انکاؤنٹر کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کی تصاویر بھی دکھائیں تو گھر والوں کا غصہ کچھ کم ہوا۔
مقتول شازب عالم تین بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور پہلی جماعت میں پڑھتا تھا۔ اس کے چھوٹے بھائی شاد عالم کی عمر 3 سال اور سب سے چھوٹے بھائی شازین کی عمر ڈیڑھ سال ہے۔ واقعے کے بعد والدین اور گھر والوں کا رورو کر برا حال ہے۔
پولیس نے کہا کہ قتل کی وجہ پڑوسیوں کے ساتھ پرانی رنجش ہے۔ فی الحال پورے علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مزید کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔