ٹی وی کے سربراہ وجئے کی ریالی میں بھگڈر مچنے سے 29 لوگوں کی موت – درجنوں زخمی

تمل ناڑو کے کرور میں تمل ویتری کجاتھم (TVK) کے سربراہ اور فلم اداکار وِجئے کی قیادت میں ہونے والے ریالی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تاہم، اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہونے کی وجہ سے بھگڈر مچ گئی۔
اس حادثے میں متعدد افراد بے ہوش ہو گئے جنہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق 29 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تقریباً 20 افراد بے ہوش ہو گئے۔ زخمیوں کو کرور کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جن میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ریالی کے دوران ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ کرور میں ٹی وی کے صدر کی کارنر میٹنگ کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے، جس کے باعث وِجئے کی پرچار گاڑی آگے نہیں بڑھ سکی۔
صورتحال قابو سے باہر ہوتی دیکھ کر وِجئے کو پولیس کی مدد طلب کرنی پڑی اور انہوں نے کچھ دیر کے لئے اپنی تقریر روک دی۔ بعد ازاں بھگڈر مچنے کی وجہ سے کچھ پارٹی کارکن بھی بے ہوش ہو گئے۔ دو ایمبولینسیں موقع پر پہنچیں اور بے ہوش افراد کو ہاسپٹل پہنچایا گیا۔
تمل ناڑو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے کہا کہ وِجئے کے ریالی میں بھگڈر مچنے سے متعدد افراد اسپتال پہنچے۔ کرور انتظامیہ سے موصولہ معلومات تشویش ناک ہیں۔
وزیر صحت سبرامانیان نے ضلع کلکٹر سے کہا کہ ہنگامی مدد فراہم کی جائے اور وزیر انبل مہیش کو بھی ضروری تعاون کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسٹالن نے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کرور میں معمول کی صورتحال بحال کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ طبی اور پولیس اہلکاروں کے تعاون کریں۔
ادھر کرور کے ویلچامپیورم علاقے میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر برقی کی سربراہی معطل کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق نوجوان درختوں کی شاخوں پر بیٹھ رہے تھے اور چونکہ علاقے میں برقی کی لائنیں ہیں، اس لئے حفاظتی اقدامات کے طور پر یہ قدم اٹھایا گیا۔ وِجئے کے پرچار کے ختم ہونے تک اس علاقے میں برقی کی فراہمی بحال نہیں کی جائے گی۔