الماس خان سابق صدر مجلس و مالک پیراڈائز ہوٹل نظام آباد کا انتقال

الماس خان سابق صدر مجلس و مالک پیراڈائز ہوٹل نظام آباد کا انتقال پرُ ملال و تدفین
نظام آباد: 27/ ستمبر (آئینہ نیوز بیورو)نظام آباد کی معزز و باوقار وضعدار شخصیت، سابق صدر مجلس نظام آبادو سابق کنونیر مسلم متحدہ محاذو سینئر قائد جناب رحمت اللہ خان المعروف الماس خان، مالک پیراڈائز ہوٹل کا مختصر سی علالت کے باعث آج صبح سانحہ ارتحال ہوگیا۔وہ گذشتہ کچھ دنوں سے شہر کے ایک خانگی دواخانہ میں زیر علاج تھے۔ مرحوم کے انتقال کی اطلاع پر مختلف سیاسی، سماجی و دیگر سرکردہ شخصیت نے ان کی رہائش گاہ واقع حطائی پہنچ کر میت کا دیدار کیا۔ مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر نے الماس خان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے برادران و فرزندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہیں پرُ سہ دیا۔ یہاں اس بات کا ذکر بے محل نہ ہوگا کہ جناب الماس خان نے متحدہ آندھرا پردیش میں بحیثیت مجلسی امیدوار نظام آباد کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ وہ نصف صدی سے زائد عرصہ تک فعال سیاسی زندگی گزاری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔ اپنی بے لوث خدمات، وضعداری اور عوامی ربط و ضبط کے باعث وہ ایک ایسے رہنما کی حیثیت سے یاد کیے جائیں گے جنہوں نے سماج کے ہر طبقے کو قریب و متاثر کیا۔ انہوں نے ہمیشہ ضرورت مندوں کی دستگیری اور ملی یکجہتی کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔ پسماندگان میں سات فرزندان اور تین دختران شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب مسجد کچیاں، گاندھی چوک نظام آباد میں ادا کی گئی اور تدفین قدیم قبرستان بودھن روڈ میں عمل میں آئی۔ شہر کی سیاسی، سماجی اور تجارتی برادری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الماس خان صاحب کی کمی ایک طویل عرصے تک شدت سے محسوس کی جائے گی۔ الماس خان کے برادران محمد قدرت اللہ خان قمر، محمد الطاف احمد خان اور ان کے فرزندان نے عامتہ المسلمین سے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے جناب ظفر اللہ خان بدر (فون نمبر: 9885420960) سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔