عام آدمی پارٹی جی ایچ ایم سی ٹیم کا چادر گھاٹ کی بارش سے متاثرہ بستیوں کا دورہ، 2 لاکھ معاوضہ دینے کا مطالبہ

آج عام آدمی پارٹی (اے اے پی) جی ایچ ایم سی کی ٹیم نے چادر گھاٹ کی متاثرہ بستیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قایدین نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن حکومت کے اقدام سے کئی جانیں خطرے میں ڈالی گئیں۔
مقامی افراد کے مطابق انہیں کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی اور رات کے وقت اچانک پانی چھوڑا گیا۔ آج تک ایسا واقعہ نہیں پیش آیا تھا کہ ایک ساتھ 26 دروازے کھول دیے جائیں اور پانی کی سطح 8 فٹ تک بڑھ جائے۔ اس اچانک صورتحال سے مقامی لوگ شدید غصے میں ہیں۔
متاثرین نے بتایا کہ گھروں کا کافی سامان تباہ ہوگیا، اناج بہہ گیا، برقی آلات خراب ہوگئے، بچوں کی کتابیں، بستے اور اہم کاغذات بھی ضائع ہوگئے۔ کئی عبادت گاہوں کو بھی نقصان پہنچا۔ لوگوں نے روتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو لے کر بھاگنا پڑا، حاملہ خواتین، بزرگ اور بیمار افراد بھی مشکل میں پھنس گئے۔
عام آدمی پارٹی کے قاید محمد ماجد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جیسے پچھلی حکومت نے سیلاب متاثرین کو فی گھر 10 ہزار روپے دیے تھے، ویسے ہی اس بار بھی امداد فراہم کی جائے۔ لیکن اس بار چونکہ حکومت کی غلط پالیسی کے باعث یہ نقصان ہوا ہے، اس لیے ہر متاثرہ گھر کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے تاکہ نقصانات کی کچھ تلافی ہوسکے۔ بصورت دیگر یہ معاملہ احتجاج کی شکل اختیار کرلے گا۔
محمد ماجد کے ساتھ ڈاکٹر انصاری، ایڈوکیٹ آدم، لیاقت علی، مرتضیٰ، عظیم، اسماعیل سمیت کئی رہنما اور مقامی افراد بھی موجود تھے۔