آئی لو محمد‘ پوسٹر تنازعہ: یوگی آدتیہ ناتھ کا غزوۂ ہند خواب دیکھنے والوں کو جہنم کا ٹکٹ دینے کا انتباہ

لکھنؤ: ’آئی لو محمد‘ بیانرس پر جاری تنازعہ کے درمیان اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو واضح کیا کہ جو بھی عناصر ریاست کی سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کریں گے، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ غزوۂ ہند کا خواب دیکھ رہے ہیں، وہ سیدھے جہنم کا ٹکٹ لے رہے ہیں یہ بیان انہوں نے بلرامپور میں ایک تقریب کے دوران دیا۔
چیف منسٹر اترپردیش نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ہندوستان میں رہتے ہوئے بھی ملک دشمن نعرے لگاتے ہیں اور ایسی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں، لیکن ایسی کسی سرگرمی کو ہندوستانی سرزمین پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آدتیہ ناتھ نے بظاہر بریلی میں جمعہ کے روز ہوئے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایمان کا اظہار سڑکوں پر نہیں ہونا چاہیے۔ جو لوگ ایسا کرتے ہیں ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو بریلی میں شرپسند عناصر کے ساتھ کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ بچوں کا مستقبل برباد کر رہے ہیں اور ان کے ہاتھوں میں ’آئی لو محمد‘ کے پوسٹر تھما رہے ہیں۔ جمعہ کے روز بریلی کے احتجاج میں بڑی تعداد میں بچے بھی شریک تھے۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے ممتاز مسلم عالم دین مولانا توقیر رضا کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے اس احتجاج کی اپیل کی تھی۔ احتجاج کے دوران ہوئے تشدد میں 20 پولیس ملازمین زخمی ہوئے اور سیکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت مولانا توقیر رضا پر سخت نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (NSA) لگانے پر غور کر رہی ہے۔ عدالت نے انہیں 14 روزہ عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔